پاکستان اور چین کے درمیان سٹرٹیجک ڈائیلاگ کا آٹھواں دور اقتصادی راہداری، تجارت، دفاع، انسداد دہشت گردی،ثقافت، تعلیم اور عوامی رابطوں سمیت تمام پہلوﺅں کا احاطہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان اور چین کے درمیان سٹرٹیجک ڈائیلاگ کا آٹھواں دور گزشتہ روز یہاں منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جب کہ چین کے نائب وزیر خارجہ کوانگ یوانگ یو اپنے وفد کی قیادت کر رہے تھے۔ مشاورت کے اس دور میں پاک چین تعلقات کے تمام پہلوﺅں، بشمول، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ، بطور خاص پاک چین اقتصادی راہداری، تجارت، دفاع، انسداد دہشت گردی،ثقافت، تعلیم اور عوامی رابطوں سمیت تمام پہلوﺅں کا احاطہ کیا گیا۔ دونوں ملکوں نے باہمی مفاد کے دیگر شعبوں پر بھی بات کرنے پر اتفاق کیا۔ افغانستان کی صورتحال، امریکہ کی جنوبی ایشیاءکی نئی پالیسی اور جزیرہ نماءکوریا کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ تہمینہ جنجوعہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ظلم و ستم سے بھی چینی حکام کو آگاہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری، بھارت کو انسانی حقوق کی اس پامالی سے روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور چین سیاست، معیشت، سلامتی و دفاع کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے علاوہ، اقوام متحدہ، شنگھائی تعاون تنظیم اور دیگر عالمی و علاقائی اداروں میں تعاون کریں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان اور چین کی فضائیہ نے ائر شو میں بھی حصہ لیا جس میں دونوں ملکوں کے طیاروں نے بھرپور حصہ لیا۔
اسلام آباد (عترت جعفری) سی پیک کی مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کے پہلے روز سندھ‘ پنجاب اور کے پی کے کے اقتصادی زونز بنانے کے منصوبوں کی منظوری دیدی گئی۔ واضح رہے کہ کل 9 اقتصادی زونز بننا ہیں جبکہ باقی زونز کی اب تک کاغذی تیاری مکمل نہ ہونے کے باعث ان کے بارے حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ مشترکہ کمیٹی کے اجلاس کے پہلے روز ورکنگ گروپس کے افسروں کی سطح کے اجلاس ہوئے۔ سیکرٹری منصوبہ بندی نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ چینی سائیڈ نے پنجاب‘ سندھ اور کے پی کے کے اقتصادی زونز کی فنانسنگ کو منظور کر لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلویز کا منصوبہ بھی سی پیک کمیٹی سے منظور ہونے کا امکان زیادہ نہیں رہا ہے۔ ریلویز کا کراچی سے پشاور تک ریلوے لائن کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بھی چینی سرمایہ کار کے لئے کلیئر کر دیا گیا ہے۔ کلیئر کئے جانے والے تمام منصوبے سفارشات کے ساتھ آج مشترکہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لائے جائیں گے۔ آج جے سی سی کے اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی بھی شریک ہوں گے۔ افتتاحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری منصوبہ بندی شعیب صدیقی نے کہا کہ اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے عوام کی تقدیر بدلنے کے متعدد مواقع لے کر آئی ہے۔
منصوبے/ منظوری