.حنیف عباسی اور دیگر کیخلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت ملتوی
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) وکیل کی جانب سے مہلت کی استدعا پر انسداد منشیات راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج راجہ پرویز اختر نے سابق رکن قومی اسمبلی و چیئرمین میٹرو بس سروس حنیف عباسی سمیت 8 ملزموں کے خلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس کی سماعت 27 نومبرتک ملتوی کر دی۔ پیر کو ملزموں کی جانب سے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت صفائی کے بیان ریکارڈ کئے جانے تھے ۔سماعت کے موقع پرحنیف عباسی سمیت آٹھوں ملزم عدالت میں موجود تھے تاہم ملزموں کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں جواب داخل کرانے کیلئے مزید مہلت دی جائے جس پر عدالت نے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے کسی کارروائی کے بغیر سماعت ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ 29 اکتوبر کو سماعت کے دوران عدالت نے اے این ایف کے وکیل کو ہدایت کی وہ سوال نامہ تیار کر کے فوری عدالت میں جمع کرائیں۔ اے این ایف کی جانب سے سوالنامہ جمع کرانے اور ملزموں کو فراہم کرنے کے باوجود تاحال جواب داخل نہیں کرائے جا سکے۔