دبائو‘ دھمکیاں برداشت کرکے نوا زشریف کے ساتھ رہنے والوں کو سلام : مریم نواز
لاہور (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے الیکشن ایکٹ 2017ء میں ترمیم کا بل مسترد کئے جانے پر ردعمل میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے عاجزی اور شکر میں اللہ کے حضور سر جھکاتے ہیں‘ ایک شخص کو سب ملکر مائنس کرنا چاہتے تھے نہ کر سکے کیونکہ وہ ایک شخص نہیں تھا‘ نظرئیے کو مائنس نہیں کیا جاسکتا۔ دبائو‘ دھمکیاں برداشت کرکے نوازشریف کے ساتھ ثابت قدم رہنے والوں کو سلام۔ پہلی بار جمہوریت اپنے خلاف سازشوں کو پے در پے شکست دے رہی ہے۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نوازشریف نے این اے 120کے ضمنی انتخابات کے دوران حلقے کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا آغاز ساندہ روڈ کو ماڈل روڈ بنانے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ کر کر دیا ہے۔ مریم نوازشریف ساندہ روڈ پر پہنچیں تو مسلم لیگی کارکنوں نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلال یاسین‘ ماجد ظہور ایم پی اے سمیت پی پی 140 کے چیئرمین‘ وائس چیئرمین اویس بشیر‘ امیر خان لودھی‘ سینئر کارکنان عثمان تنویر بٹ‘ ملک محمود الحسن‘ کالا بٹ‘ بائو رفیق گجر‘ چیئرمین شہاب بشارت‘ وائس چیئرمین عرفان تاج‘ وائس چیئرمین جہانزیب اعوان‘ تارا بٹ نمایاںتھے۔ مریم نواز افتتاح کیلئے گاڑی سے اتریں تو کارکنوں کو ان سے دور رکھنے کیلئے سکیورٹی کے عملے نے پیچھے ہٹانا چاہا جس پر ان میں تلخ کلامی ہوئی تاہم مریم نواز کی مداخلت پر کارکن نوازشریف اور مریم نواز کے حق میں نعرے مارتے ہوئے پیچھے ہٹ گئے۔ اس موقع پر مریم نوازشریف نے خطاب اور گفتگو میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ وہ لوگ ناکام ہوئے جو ایک شخص کو مائنس کرنا چاہتے تھے۔ کوئی بھی طاقت نوازشریف کو عوام سے جُدا نہیں کر سکتی‘ نوازشریف کل بھی عوام کے دلوں کی دھڑکن تھے اور آج بھی ہیں۔ عوام کا جنون دیکھ کر بے انتہا خوشی محسوس ہو رہی ہے‘ پہلے بھی عوام کی سچے دل سے خدمت کی اور آئندہ بھی یہ سفر جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا نوازشریف کی محبت کو عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا اور نہ ہی دنیا کی کوئی طاقت نوازشریف کو عوام سے جدا کر سکتی ہے۔ ووٹ کی طاقت کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔2013ء کے الیکشن کی طرح 2018ء میں بھی مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی اور مخالفین کو عبرتناک شکست دے گی۔مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رجب بلوچ کے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے باوجود نوازشریف کیلئے ووٹ پول کرنے قومی اسمبلی آنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ٹویٹ میں مریم نواز نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی جو کینسر کے مریض ہیں اور شدید بیمار ہیں وہ نوازشریف کی قیادت کی توثیق کرنے پارلیمنٹ آئے۔ انہوں نے کہاکہ اس کو پختہ عزم کہتے ہیں۔