فنڈنگ کیس: الیکشن کمشن نے وکیل پی ٹی آئی کو دلائل کیلئے آخری مہلت دیدی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن میں غیرملکی فنڈنگ کے حوالے سے کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل منصور انورکو دلائل دینے کی آخری مہلت دیدی گئی۔ الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری فنانس کو طلب کر لیا۔ گزشتہ روز الیکشن کمشن میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت الیکشن کمشن کے ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں چار رکنی کمشن نے کی۔ سماعت پر اکبر ایس بابر اور ان کے وکیل احمد حسن الیکشن کمشن میں پیش ہوئے۔ وکیل احمد حسن نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا تھا کہ وہ جواب جمع کرائیں گے۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آئندہ سماعت پر جواب جمع کرا دیا جائے گا، اسلام آبا د ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت 5دسمبر کو ہو گی۔ وکیل احمد حسن نے کہا کہ یہ اگلی تاریخ پر پھر جواب جمع نہیں کرائیں گے اور کو ئی بہانہ بنائیں گے ان کا یہی رویہ رہا ہے۔ ممبر کے پی کے الیکشن کمشن نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے ایک درخواست آئی ہے جس میں تمام جماعتوں کی فارن فنڈنگ کی تفصیلات کی جانچ پڑتال کا کہا گیا ہے۔ ممبر بلوچستان نے کہا کہ آپ علیحدہ سے تمام سیاسی جماعتوں کے فارن فنڈز کی تفصیلات سے متعلق پیٹشن دائر کریں۔ وکیل احمد حسن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری فنانس سردار اظہر اور فنانس مینیجر کو آئندہ سماعت پر الیکشن کمشن آنے کا پابند کیا جائے ۔ جس پر الیکشن کمشن نے سیکرٹری فنانس پی ٹی آئی کو اگلی سماعت پر طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت بارہ دسمبر تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے منحرف نائب صدر اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس سے چھپ رہے ہیں، یہ کیس میں 14نومبر کو فائل کیا تھا، 3سال سے زیادہ عرصہ گزرگیا ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا کام عوام اور پاکستان کو انصاف دینا تھا، وہ انصاف سے بھاگ رہے ہیں۔