• news

لیگی ارکان نے جمہوریت کا مذاق اڑایا‘ سرشرم سے جھک جانے چاہئیں: عمران

اسلام آباد/لاہور (آن لائن+خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نااہل شخص کو پارٹی سربراہی سے روکنے کیلئے پیش کئے گئے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل مسترد ہونے پر ن لیگ کے ارکان اسمبلی کے سر شرم سے جھک جانے چاہئیں۔ ٹوئٹر پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا آج جمہوریت کا تماشہ بنانے اور مذاق اڑانے پر ن لیگ کے تمام ارکان قومی اسمبلی کے سر شرم سے جھک جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے ارکان نے آئین کے تحت پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہل قرار دیئے جانے والے شخص کو پارٹی کا سربراہ برقرار رکھنے کیلئے ترمیمی بل کی مخالفت کی۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی نے یہ بھی ثابت کیا کہ پارلیمنٹ میں آنے کا ان کا واحد مقصد شریف مافیا کی کرپشن کو بچانا ہے۔ عمران نے کہا کہ وزیر اعظم خاقان عباسی کے پاس کچھ نہیں‘ احسن اقبال بہت بڑا فراڈ ہے۔ شریف خاندان کی کرپشن کا دفاع کرتے ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اشتہاری ہیں۔ خرچے اور آمدن میں جتنا فرق اب ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھا۔ شیخ رشید نے انٹرویو میں کہا کہ میرے اندازے کے مطابق صرف 13ووٹ زیادہ آئے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بل مسترد ہونے پر کہا ہے کہ یہ ن لیگ کی فتح نہیں۔ 21 ارب روپے کے ترقیاتی پروگرام کے باوجود 40 ارکان کم تھے۔ ہارتا وہ ہے جو ہار مانتا ہے، حکومت کو ایوان میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 200 ارکان میں سے 163 نے حق میں ووٹ دئیے۔ حکومتی ارکان نااہل شخص کو اہل بنانا چاہتے ہیں‘ خون کے آخری قطرے تک ڈاکوئوں کے خلاف لڑیں گے‘ 40 ارکان نے نہ آ کر بل کے حق میں ووٹ دیا۔ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ 21 نومبر کی کارروائی پارلیمانی تاریخ کا ایک اور سیاہ باب ہے، نااہل کو اہل بنانے والی قانون سازی قابل مذمت اور باعث شرم ہے، حکومتی اراکین اسمبلی نے چور، ڈاکو، قاتل اور لٹیرے کے حق میں ووٹ دے کر 21کروڑ عوام کا سر شرم سے جھکا دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام، آئین، جمہوریت، اخلاقی اقدار کی بجائے ایک کرپٹ خاندان کے محافظ ہیں‘ جب تک خائن کی باقیات اقتدار پر مسلط ہے، انسانیت اور اخلاقیات کا قتل عام جاری رہے گا ۔ 10مذہبی جماعتوں کے اتحاد ’’ اسلامی جمہوری اتحاد‘‘نے نااہل شخص کو پارٹی صدر بنائے جانے کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کا اعلان کر دیا اس سلسلہ میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔ اسلامی جمہو ری اتحاد کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ سپر یم کورٹ سے نااہل شخص کا پارٹی صدارت کیلئے اہل قرار دیکر (ن) لیگ نے جمہوریت پر بدترین حملہ کر دیا ہے اور قوم ایسے کرپٹ حکمرانوں اور انکے حمایتوں کو کسی صورت معاف نہیں کر یں گی بلکہ ایسے لوگوں کو گھیرائو کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن