تربت: سکیورٹی فورسز کا آپریشن‘ جھڑپ میں 2 دہشتگرد ہلاک‘ ایک اہلکار شہید‘ 3 زخمی
کوئٹہ(صباح نیوز)تربت میں ایف سی کے آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔بلوچستان کے ضلع تربت سے گزشتہ ہفتے 20 افراد کی نعشیں برآمد ہوئیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا جبکہ تمام افراد کا تعلق پنجاب سے تھا۔نعشیں برآمد ہونے کے بعد ایف سی نے تربت میں آپریشن کیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق منگل کے روز ایف سی نے خفیہ اطلاع پر تربت میں سرچ آپریشن کیا تو علاقے میں موجود دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی بھی ہوئے جبکہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے شبے میں قریبی علاقوں میں بھی آپریشن کیا جارہا ہے۔زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کوٹ نجیب ہری پور کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہو گیا، فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔