مجید نظامی سپورٹس گالا وقت نیوز نے نوائے وقت کو ہرا کر کرکٹ ایونٹ جیت لیا
لاہور(حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) مجید نظامی سپورٹس گالا کے دوسرے ایڈیشن میں کرکٹ کے مقابلے وقت نیوز کی فتح کے ساتھ اختتام کو پہنچے۔ دفاعی چیمپئن وقت نیوز کی ٹیم فائنل میں نوائے وقت الیون کو شکست دیکر اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب رہی۔ کرکٹ مقابلوں کے موقع پر دنیائے کھیل کے عظیم کھلاڑیوں نے شرکت کر کے ایونٹ کو چار چاند لگا دیے۔ کرکٹ ایونٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں میں وقت الیون کی قیادت ہشام یوسف، ندائے ملت الیون کی قیادت عباس اختر، ویک اینڈ الیون کی قیادت عمار یونس، دی نیشن الیون کی قیادت انیس الرحمن، نوائے وقت الیون کی قیادت دلاور چودھری، نوائے وقت ویٹرنز الیون کی قیادت بلال بٹ، دی نیشن ویٹرنز الیون کی قیادت سلیم بخاری اور نوائے وقت گروپ الیون کی قیادت محفوظ انجم نے کی۔ ایونٹ کے سپانسرز میں کلیرو واٹر، کوکا کولا، ائیر لنک، ریوولوشن میڈیا، ڈائنا میک میڈیا اور سرامکو شامل ہیں۔ ناک آوٹ کی بنیاد پر کھیلے گئے ایونٹ میں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ندائے ملت الیون نے بھی حیران کن نتائج دیے۔ ایونٹ کے فائنل کے لیے نوائے وقت اور وقت نیوز کی ٹیمیں ہی فیورٹ تھیں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل سے خوب داد سمیٹی۔ اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں نوائے وقت گروپ کے سٹاف ممبران موجود تھے۔ سینئر سب ایڈیٹر خالد نجیب خان ڈرم بجا کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے اور شائقین سے داد وصول کرتے رہے۔ اس موقع پر شہباز احمد سینئر کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو کھیل کے میدان میں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے ایسی سرگرمیوں سے باہمی روابط بہتر ہوتے ہیں اور اچھی تفریح بھی ملتی ہے۔ مجھے یہاں کئی پرانے دوستوں سے ملنے کا بھی موقع ملا ہے۔ رمیض راجہ کا کہنا تھا کہ صحافیوں اور میڈیا ہاوسز سے تعلق رکھنے والے سٹاف ممبران کے لیے ایسی سرگرمیاں حوصلہ افزا ہیں۔ یہاں نوجوان کرکٹرز کے ساتھ ساتھ ویٹرنز کو بھی دیکھ رہا ہوں اور یہی کرکٹ کا حسن اور مقبولیت ہے کہ یہ ہر عمر کے کھلاڑیوں میں مقبول ہے۔ ٹیسٹ لیگ سپنر اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ نوائے وقت گروپ سے میرا تعلق خاصا پرانا اور گہرا ہے۔ اس ایونٹ کا حصہ بننا میرے لیے خوشی کا باعث ہے۔ صحت مند سرگرمیوں سے منفی جذبات ختم ہوتے ہیں، رواداری بڑھتی اور دوریاں ختم ہوتی ہیں یہاں ہر کوئی خوش نظر آ رہا ہے تو اسکا کریڈٹ کرکٹ کو جاتا ہے منتظمین کو ایک اچھے ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ڈائریکٹر فنانس اعظم بدر کا کہنا تھا کہ میرے لیے عملی طور پر گالا کا حصہ بننا،اپنے ساتھیوں کو سپورٹ کرنا اور خاندان نوائے وقت سے منسلک افراد کو اچھی تفریح کا سبب بننا باعث فخر ہے۔ مرحوم مجید نظامی کا یہی وژن تھا اور مینجنگ ڈائریکٹر محترمہ رمیزہ مجید نظامی اس وژن کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ اعظم بدر کا کہنا تھا کہ کرکٹ ایونٹ میں ہمارے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے آنے شہباز احمد سینئر، رمیض راجہ اور مشتاق احمد کا بھی مشکور ہوں۔جنرل مینجر مارکیٹنگ بلال محمود کا کہنا تھا کہ ہم سب کے لیے مجید نظامی سپورٹس گالا ایک تہوار بن گیا ہے پہلے سیزن کے رسپانس کے بعد اس مرتبہ ایونٹ میں نئی چیزیں شامل کی گئیں اور زیادہ سے زیادہ افراد لی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے میں سپانسرز کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔ایڈیٹر دی نیشن سلیم بخاری کا کہنا تھا کہ یہ ایک فیسٹیول ہے یہاں ہار جیت اہمیت نہیں رکھتی اپنے ساتھیوں کے چہروں پر نظر آنے والی خوشی سب سے اہم ہے اور یہی اس گالا کے انعقاد کا مقصد بھی ہے۔ ایڈیٹوریل انچارج نوائے وقت سعید آسی کا کہنا تھا کہ آئندہ برس جب اس سپورٹس گالا کا انعقاد ہو گا تو ہم اپنی فیملیز کے ساتھ اسکا حصہ ہونگے۔ چیف رپورٹر نوائے وقت خواجہ فرخ سعید کا کہنا تھا کہ سپورٹس گالا کی اہمیت اور مقبولیت کا اندازہ اس کے شرکا کی تعداد کو دیکھکر باآسانی لگایا جا سکتا ہے۔ میں نے سارا دن گراونڈ میں گذارا ہے اور نوجوانوں کے درمیان خود کو جوان محسوس کر رہا ہوں۔ چیف نیوز ایڈیٹر دلاور چودھری نے کہا کہ اس سپورٹس گالا کے ذریعے مجھے ماضی کی یادیں تازہ کرنیکا موقع ملا ہے۔ زمانہ طالب علمی کی طرح کرکٹ کھیلتے ہوئے ایک مرتبہ پھر خود کو فٹ رکھنے کا جذبہ بیدار ہوا ہے۔ وقت نیوز کے کنٹرولر نیوز ہشام یوسف کا کہنا تھا اپنی جیت پر خوشی تو ہے لیکن اصل خوشی اپنے گروپ کے تمام ساتھیوں کو ایک جگہ اکٹھا دیکھنا ہے۔ ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر ایچ آر، مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ اور سپورٹس و آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس سے پہلے نوائے وقت ویٹرنز کے شفیق سلطان کو مین آف دی میچ، بیسٹ اینٹرٹینر کی ٹرافی دلاور چودھری اور فاتح ٹیم کے کپتان ہشام یوسف کو ٹرافی اور نقد انعام بھی دیا گیا۔ مجید نظامی سپورٹس گالا کے دوسرے ایڈیشن میں پچیس نومبر کو ماڈل ٹاؤن فٹبال اکیڈمی میں فٹبال کے مقابلے ہونگے۔