غربت میں اضافہ جنگیں دنیا میں 18 کروڑ بچوں کی زندگی جیرن بن گئی:یونیسیف
واشنگٹن( نیٹ نیوز)دنیا کے37ممالک میں تقریباً 18 کروڑ بچے شدید غربت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ 20برس پہلے کے مقابلے میں یہ بچے سکول نہیں جا سکتے اور ان کی اموات انتہائی برے حالات کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق دنیا میں بچوں کا معیار زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ کئی ممالک میں جاری بدامنی، تنازعات، جنگوں اور ناقص حکومتی کارکردگی کی وجہ سے ہر 12 واں بچہ متاثر ہوا ہے۔اس وقت دنیا میں بچوں کی تعداد تقریبا 2.2 ارب ہے۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ خراب حالت زار جنوبی سوڈان کے بچوں کی ہے، جہاں خونریز خانہ جنگی پھیلی ہے اورگزشتہ نسلوں کے مقابلے میں آج کے بچوں کو شدید برے حالات اور خوف کا سامنا ہے۔اسی طرح دنیا کے 14 ممالک، جن میں کیمرون، زیمبیا اور زمبابوے بھی شامل ہیں، میں غربت کی سطح میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ان ممالک کی زیادہ تر آبادی کی آمدنی یومیہ دو ڈالر سے بھی کم ہے اور انہیں شدید غربت کے حالات کا سامنا ہے۔اسی طرح دنیا کے 21 ممالک میں پرائمری سکول جانے والے بچوں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے۔ ان ممالک میں خانہ جنگی کا شکار ملک شام اور تنزانیہ بھی شامل ہیں۔تشدد کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پہلے کبھی بھی اتنی بڑی تعداد میں انیس سال سے کم عمر بچے تشدد کی کارروائیوں میں نہیں مارے گئے تھے۔بتایا گیا ہے کہ وسطی افریقی جمہوریہ، عراق، لیبیا، جنوبی سوڈان، شام، یوکرائن اور یمن میں جنگی تنازعات جاری ہیں اور ان کا اثر ان ملکوں کے بچوں اور نوجوانوں پر بھی پڑ رہا ہے۔ان ملکوں میں بچوں کو بطور فوجی بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔