• news

حکومت سرکاری وصولیوں کیلئے آن لائن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سٹیٹ بنک آف پاکستان کے اشتراک سے صوبائی سطح پر تمام سرکاری وصولیوں کے لیے آن لائن سسٹم متعارف کروا رہی ہے جس کے تحت ہر طرح کے ٹیکس اور فیسوں جن میں پنجاب ریونیو اتھارٹی، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، بورڈ آف ریونیوکے تحت وصول کیے جانے والے ٹیکس اورچالان، لائسنس، ڈومیسائل اور مختلف رجسٹریشنز فیسیں شامل ہیں، کی ادائیگی ایک اپلیکیشن کے ذریعے ممکن ہو گی۔ اپلیکیشن کا آغاز رواں سال کے اختتام تک کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نیو منسٹر بلاک میں سٹیٹ بنک آف پاکستان، محکمہ خزانہ پنجاب ،کنٹرولر جنرل آف اکائونٹس گورنمنٹ آف پاکستان، اکائونٹینٹ جنرل پنجاب اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کے ڈائریکٹر فنانس سلیم اللہ نے اجلاس کو سسٹم کی تفصیلات سے آگاہ کیا او ر پنجاب کے تمام اضلاع سے بیک وقت اجراء کے لیے مجوزہ لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔انہوں نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ سسٹم کے تحت کریڈٹ کارڈ، ڈیبیٹ کارڈ اور آن لائن ادائیگی ممکن ہو گی۔ اس مقصد کے لیے ابتدائی طور پر بنک آف پنجاب اور نیشنل بنک کی خدمات حاصل کی جائیں گی بعد ازاں دیگر بنکوں کے ساتھ بھی معاہدے کیے جائیں گے۔ ڈائریکٹر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے اجلاس کو ایپ کی تفصیلات اور مشتملات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے شرکاء کو بتایا کہ اپلیکیشن کے ذریعے تمام ادائیگیوں کے لیے قومی شناختی کارڈ نمبر استعمال ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن