حکومت ایل پی جی پر عائد پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی واپس لے: فاروق افتخار
لاہور(کامرس رپورٹر) ایل پی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین فاروق افتخار نے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل پر زور دیا ہے کہ وہ ایل پی جی پر عائد پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی واپس لے ورنہ ایل پی جی غریب اور متوسط طبقے کے لیے سستا ایندھن نہیں رہے گا۔ ایسوسی ایشن کے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فاروق افتخار نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کے نفاذ نے صارفین کی قوت خرید کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔ مقامی پروڈیوسرز نے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کا بوجھ خود برداشت کرنے کے بجائے مارکیٹنگ کمپنیوں کو منتقل کردیا ہے ، اس جانبدارانہ پالیسی کی وجہ سے امپورٹرز اور ڈسٹری بیوٹرز کی چاندی ہوگئی جبکہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوںشدید مشکلات میں مبتلا ہوگئی ہیں۔ فاروق افتخار نے کہا کہ وزارت پٹرولیم غیر معیاری ایل پی جی کی درآمد پر قابو پانے میں ناکام ہوگئی ہے جس کا خمیازہ مقامی کمپنیوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے ، مقامی پروڈیوسرز کوسگنیچر بونس کے سلسلے میں مکمل نظر انداز کیا گیا ہے ۔ ایل پی جی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین نے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل پر زور دیا کہ وہ ایل پی جی انڈسٹری کے یہ مسائل فورا حل کرکے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کو برباد ہونے سے بچائے۔