معاشی پالیسیوں کے تسلسل کیلئے سیاسی جماعتوں اور چیمبرز آف کامرس کو ’’میثاق معیشت‘‘ پر کام کرنا ہو گا: تاجر رہنما
لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے بزنس مین پینل کے قائدین نے کہا ہے کہ معاشی پالیسیوں کے تسلسل کے لئے تمام سیاسی جماعتوں اور چیمبرز آف کامرس کو میثاق معیشت پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس ملک کے صنعتکار اور تاجر ایک واضح حکمت عملی کے ساتھ کام کر سکیں اور ملک میں روزگار کے مواقع بڑھ سکیں۔ صدارتی امیدوار برائے ایف پی سی سی آئی، سینیٹر حاجی غلام علی، بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار اور پینل کے ترجمان احمد جواد نے کہا کہ پالیسی میکرز اور بزنس کمیونٹی کے درمیان ایک مضبوط تعلق کی ضرورت ہے تاکہ دور رس نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ اس تنا ظر میں ایف پی سی سی آئی کی موجودہ قیادت کمزور اور ناکام ثابت ہوئی ہے اور کسی بھی مسئلے میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئی۔اس وقت ملک کی تمام تاجر برادری یوبی جی کے لیڈران سے سوال کرتی ہے کہ انھوں نے گزشستہ تین سال کتنے مسائل حل کروائے۔ صرف اپنے ذاتی مسائل اور حکومتی خوشنودی میں وقت صرف کیا۔ صدارتی امیدوار، سینیٹر حاجی غلام علی نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے فنڈز صرف ملازمین کی تنخواہیں دینے کے لئے نہیں ہیں بلکہ یہ فنڈز ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، تعمیراتی ورکشاپس منعقد کروانے ،ملکی تجارتی امیج بہتر کرنے ا ور گرتی ہوئی برآمدات کو بڑھانے کے لئے ہیں جبکہ ان ایشوز پر کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا گیا۔