پنجاب میں رواں سال 2 لاکھ ایکڑ رقبہ پر سورج مکھی کاشت کرنے کا ہدف
لاہور (نیوز رپورٹر) سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کسان دوست اقدامات کی وجہ سے زرعی شعبہ میں 3.5 فیصد ترقی ہوئی ہے اور فصلوں کی پیداوار میں 8فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ حکومت پنجاب اور آل پاکستان سالونٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے تعاون سے سورج مکھی کی خریداری کے لیے ضلعی سطح پر مراکز قائم کیے جائیں گے۔ 5ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی کی رقم کے ساتھ سورج مکھی کی فصل 2500 روپے فی من فروخت میںکمی بیشی کو مدنظر رکھتے ہوئے کاشتکار کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔ وہ محکمہ زراعت پنجاب اور آئی سی آئی پاکستان کے مشترکہ تعاون سے سورج مکھی کی منافع بخش کاشت کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل میاں راجن سلطان پیرزادہ، خالد کھو کھر، رانا افتخار احمد، ڈائریکٹر جنرلز زراعت سید ظفر یاب حیدر ڈاکٹر عابد محمود، چوہدری خالد محمود، عبدالوہاب اوردیگر موجود تھے۔ سیکرٹری زراعت نے کہا کہ جدیدنظام آبپاشی اور موسمیاتی مطابقت کی ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔ امسال صوبہ میں سورج مکھی 2لاکھ ایکڑ رقبہ پر کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سورج مکھی کی کاشت کیلئے مقرر کئے گئے کل ہدف کا تقریباً 90فیصد یعنی 1لاکھ78ہزار ایکڑ صرف جنوبی پنجاب کے تین ڈویژنز ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان کیلئے ہے۔