پاکستان میں تعلیم کیلئے دوہرا معیار ہے: خورشید احمد
لاہور (نیوز رپورٹر) اکیسویں صدی میں جدید سائنس سے بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے کمپیوٹر کی تعلیم ایک اہم وسیلہ ہے حکومت وقت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوان نسل کو ہنر مند بنانے کے لئے کمپیوٹر کی بامقصد مفت اورمعیاری تعلیم کا بندوبست یقینی بنائے تاکہ موجودہ صنعتی انقلاب کے تقاضوں کو پورا کیا جاسکے اسی سلسلہ میں اﷲ کریم نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا ہے کہ ہم نے انسانوں کو علم کی دولت سے مزین کیا لیکن مقام افسوس ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں تعلیم کے لئے دوہرا معیار قائم رکھاگیا ہے ایک جانب چھت کے بغیر سکول جبکہ دولت مند طبقہ کے بچے ایئرکنڈیشن سکولوں میں رجوع کرتے ہیں تعلیمی سسٹم روزگار کے مواقع سے قطعاً مطابقت نہیں رکھتا اور نہ ہی مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔ ان خیالات کا اظہار بزرگ مزدور رہنماء خورشیداحمد جنرل سیکرٹری آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے نے بختیار میموریل کمپیوٹر فری ایجوکیشن سنٹر میں چھ ماہ کے کمپیوٹر کورس میں کامیاب ہونے والے طلباء اور طالبات کو تقسیم ڈپلومہ کورس کے موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر بطور مہمان خصوصی سید واجد علی کاظمی چیف ایگزیکٹو لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے کہا کہ یونین کی جانب سے فراہم کی جانے والی کمپیوٹر کی تعلیمی سہولت بڑا کارنامہ ہے طلباء اس سے استفادہ کرکے اپنے مستقبل اور کیرئر کو تابناک بنائیں۔ تقریب میں چوہدری نصر ڈائریکٹر لیبر لاہور ریجن ، محمد الیاس گھمن سپرنٹنڈنگ انجینئر اور سلٰمی یاسمین نے بھی خطاب کیا۔