دھرنے پر طاقت استعمال ہوئی تو میلاد جلوسوں کا رخ اسلام آباد کو ہو گا: حامد رضا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد دھرنے کے خلاف طاقت استعمال ہوئی تو عید میلاد النبی کے جلوسوں کا رخ اسلام آباد کی طرف ہو گا۔ حکومت نے پرامن دھرنے میں شرپسند داخل کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ دھرنے میں بیٹھے شمع رسالت کے پروانے سرخرو ہوں گے۔ الیکشن سے پہلے نظام مصطفے کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے۔ انقلاب نظام مصطفے کے لئے اہل سنت جماعتیں متحد ہو چکی ہیں۔ نواز شریف کا نظریہ صرف اور صرف کرپشن ہے۔ نااہل وزیراعظم کی عدلیہ مخالف بیان بازی ملک سے غداری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے صاحبزادہ حامد سعید کاظمی، ڈاکٹر ابو الخیر زبیر، شاہد غوری، میاں جلیل احمد شرقپوری اور دوسرے اہل سنت راہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت نے دھرنے کا مسئلہ سلجھانا ہے تو زاہد حامد استعفیٰ دے۔