پہلے کہا بھاگ گئے اب پوچھتے ہیں استثنیٰ کے باوجود نواز شریف کیوں پیش ہوئے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ دن بھی آ گیا کہ پوچھا جا رہا ہے آپ استثنیٰ کے باوجود کیوں پیش ہو رہے ہیں؟ نواز شریف پر کرپشن کا کوئی ریفرنس نہیں اور نہ ہی ان کے خلاف کوئی ثبوت مل سکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت میں نواز شریف کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک دن کہا جا رہا تھا نواز شریف ملک سے بھاگ گئے ہیں۔ نوازشریف پر اقامے کا کیس بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا نواز شریف جھوٹے الزامات پر بھی عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف اس لیے عدالت میں پیش ہورہے ہیں کہ ملک میں آئین وقانون کی پاسداری ہو۔ نوازشریف عدالت میں اس لیے بھی آرہے ہیں کہ جھوٹے اور ڈاکو لوگ بھی پیش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کےخلاف افواہیں اڑائی جارہی تھیں وہ بھی ختم ہوگئی، تاہم اب افواہیں اڑانے والوں کو جواب مل گیاکہ مسلم لیگ (ن) ایک گھر ہے۔ نامعلوم افراد کو بھی جواب مل گیا کہ قائد نواز شریف کے نیچے سب متحد ہیں اور مسلم لیگ (ن) میں انتشار کی افواہیں جھوٹی ثابت ہوئیں۔
مریم اورنگزیب