• news

کالا قانون ردی میں پھینکنا جمہوریت کی فتح ہے: مریم نواز

اسلام آباد (ایجنسیاں) سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ کالے قانون کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنا جمہوریت کی فتح ہے، اپوزیشن کو اپنی صفوں میں اتحادکے لئے فکرمند ہونا چاہئے، ماورائے آئین اقدام کرینگے تو حساب دینا پڑیگا، فیصلہ کن اور پاکستان کی آئندہ کی راہ متعین کرنے کا وقت آچکا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں مریم نوازنے کہاکہ 21نومبرکا دن جمہوریت کے لئے عہد ساز دن تھا، جس دن پارلیمنٹ نے آمرکے کالے قانون کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ ارکان اسمبلی دباو¿ کے باوجود آئے اور اپنا ووٹ دیا۔ اسے کسی کی شکست سے زیادہ جمہوریت کی فتح سمجھتی ہوں، پارلیمانی پارٹی نے بہادری کا مظاہرہ کیا انہیں سلام پیش کرتی ہوں ، جمہوری سوچ رکھنے والوں کیلئے اچھا دن تھا۔ اپوزیشن پریشان تھی اور حکومتی بنچ پر اطمینان تھا۔ احسن ڈار کی میٹنگ اور خواجہ آصف کی بیٹی کی شادی کی وجہ سے اسمبلی میں نہیں آئے تھے۔ مسلم لیگ ن میں مثالی اتحاد ہے، اپوزیشن کو اپنی صفوں کی فکرکرنی چاہئے ، نااہلی کرپشن اور عدالتی کارڈ کھیلنے والوں کو فکر ہونی چاہئے۔ نوازشریف بہت سارے معاملات پر خامو ش ہیں کروڑوں ووٹ لینے والے کو اقامہ پر نااہل کردیا گیا۔ ملک کے تمام ادارے ہمارے لئے قابل احترام ہیں، تلخ حقائق بیان کرنے کو ٹکڑاو¿ کا نام دینا غلط روش ہے، اداروںکے احترام کی آڑ میں آئین کے خلاف فیصلوں پر سوال تو اٹھیں گے۔ ماورائے آئین اقدام اٹھائیں گے تو حساب دینا پڑیگا۔ عوام کے مینڈیٹ کا مذاق اڑایا گیا اس کے خلا ف آواز تو اٹھے گی، کس نے ایسی صورتحال پیدا کی جس سے ٹکراو¿ کی صورتحال پیدا ہوئی۔ نوازشریف نے ملک کی ترقی کیلئے بہت برداشت کیا جمہوریت تب کمزور ہوتی ہے جب لیڈر کمزوری دکھائے، وقت بتائے گا نوازشریف کا اقدام ملک کی بہتری کیلئے تھا، فیصلہ کن اور پاکستان کی آئندہ کی راہ متعین کرنے کا وقت آچکا ہے۔ شہباز شریف وفادار بھائی ہیں اور نواز شریف کو والد کا درجہ دیتے ہیں۔ نااہلی کے بعد نواز شریف کا انتخاب شہباز شریف تھے۔ پارٹی نے شہباز شریف کے نام کو کھلے دل سے تسلیم کیا۔ وزیراعظم نہ بننے کا شہباز شریف کا اپنا فیصلہ تھا۔ مسلم لیگ ن جمہوری پارٹی ہے۔ پارٹی میں تمام ارکان کو رائے دینے کا حق حاصل ہے۔ میاں صاحب کو سزا دینے کے لئے جرم ڈھونڈا جا رہا ہے۔ انہوں نے 1990ءمیں ایسے مقدمات کا سامنا کیا، یہ کوئی نئی بات نہیں۔ نواز شریف نے خود کہا پہلے نظریاتی نہیں تھا اب بن گیا ہوں۔ نواز شریف اب نظریہ بن گیا ہے جو گھر گھر پھیل چکا ہے۔ علاوہ ازیں ٹویٹ میں مریم نواز نے پاک فوج کے شہید میجر اسحاق کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے میجر اسحاق کی تصویر شیئر کی اور لکھا قوم کے بیٹے آپ کو سلام۔
مریم نواز

ای پیپر-دی نیشن