بھارت سے کرکٹ سیریز تنازعہ‘ پی سی بی آئندہ ہفتے وکلا سے فائنل میٹنگ کریگا
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کے ساتھ ایم او یو کے تحت سیریز نہ کھیلنے کے تنازعہ پر اگلے ہفتے لندن میں وکلا کے ساتھ ہماری فائنل میٹنگ ہونے جا رہی ہے جس کے بعد جنوری کے پہلے ہفتے میں آئی سی سی ڈسپوٹ کمیٹی کے سامنے ہمارا موقف پیش کر دیا جائے گا کہ بھارت نے ایم او یو کے تحت سیریز نہیں کھیلی ہے اس تمام کام کے لیے ایک ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر لندن میں وکلا کے ساتھ ملکر کیس کو فائنل کرنے کے لیے ڈھائی کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اگلے چار سال کا ایف ٹی پی شیڈول دینے جا رہا ہے جس کے لیے ہمارا موقف ہے کہ اس میں بھی ایم او یو کو شامل کیا جائے تاکہ معاہدہ کے تحت سیریز کا انعقاد ہو سکے۔ آئی سی سی میں کیس کرنے کے بعد دیکھیں گے کیا فیصلہ آتا ہے۔ آئی سی سی کے تحت جلد ٹیسٹ چیمپیئن شپ شروع ہونے جا رہی ہے جس کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی حکومت سے پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی اجازت لینے جا رہا ہے ایسی اطلاعات میڈیا میں آ رہی ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ چونکہ آئی سی سی کا ایونٹ ہے امید ہے کہ بھارتی حکومت اپنے بورڈ کو کھیلنے کی اجازت دیدے گی کیونکہ آئی سی سی کے دیگر ایونٹس میں بھارتی ٹیم پاکستان کے ساتھ کھیلتی ہے لہذا اس کی بھی اجازت انہیں مل جائے گی۔ اگر بھارتی حکومت اجازت نہیں دیتی تو ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھارت کے ساتھ ہونے والے میچ کے پوائنٹس پاکستان کو مل جائیں گے۔ آئی سی سی ڈسپوٹ کمیٹی میں معاملہ جانے سے پاکستان کو امید ہے فائدہ ہوگا کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے کیس میں مالی خسارہ پورا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔