• news

;;وفاقی کابینہ نے مختلف ملکوں سے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دیدی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے نیپرا کے ممبر بلوچستان کے لئے رحمت اللہ کو تعیناتی کی منظوری دیدی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر حسین کو بنکنگ کورٹ بہاولپور کا جج تعینات کر دیا گیا جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گوجرانوالہ نوید احمد بھی بنکنگ کورٹ کے جج تعینات کر دئیے گئے۔ ایڈمرل ریٹائرڈ ذکاءاللہ کو سعودی عرب اور ملائیشیا کے ایوارڈ کی منظوری دیدی گئی۔ فلسطین میں پاکستانی سفیر ضمیر اکرام کو سٹار آف میرٹ دینے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے مرتضٰی خان کو پی او ایف بورڈ کا فنانشل ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے۔ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان سیاسی مشاورت کے ایم او یو پر دستخطوں کی منظوری دیدی گئی۔ سلواک ری پبلکن کے ساتھ بھی سیاسی مشاورت کے دوطرفہ ایم او یو کی منظوری دیدی گئی۔ یو این اقتصادی و سماجی کمشن، نیشنل سکول آف پالیسی میں معاہدے پر دستخطوں کی منظوری بھی دیدی گئی۔ نیشنل انرجی ایفی شینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل کی منظوری دیدی گئی۔ سکریٹ کے پیکٹ پر دستاویزی وارننگ بڑھانے سے متعلق بین الوزارتی سفارت منظور کر لی گئیں۔ وزیراعظم نے ریٹائرڈ ہونے والے کابینہ سیکرٹری ندیم حسن آصف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی کابینہ

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ + ایجنسیاں)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی کی ضروریات کے پیش نظر توانائی کی طلب کو پورا کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، تیل و گیس کمپنیوں کو بہترین مواقع میسر ہیں اقتصادی شرح نمو کا ہدف چھ فیصد رکھا گیا ہے۔ اس وقت نو ملین ٹن ایل این جی درآمد کر رہے ہیں۔اگلے تین سالوں میں بیس ملین ٹن ایل این جی درآمد کریں گے۔ تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت کے ساتھ ساتھ انرجی مکس کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے، ملک میں نئے ذخائر کی دریافت سے درآمدات میں کمی آئے گی اور معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں وہ تیل اور گیس کے حوالے سے سالانہ ٹیکنیکل کانفرنس اینڈ آئل شو 2017ءکی اختتامی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلند شرح نمو کے لئے توانائی کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں پاکستان کو اپنا انرجی مکس بڑھانے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انرجی مکس کو بہتر بنانے کے لئے تھر کوئلہ سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ ہم تیل کے شعبے میں 10 فیصد سے زائد ترقی کا ہدف حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لئے کاروبار دوست پالیسیاں متعارف کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے سلامتی کے شعبے میں بھی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ سلامتی کی صورتحال بہتر ہونے سے ترقی کے مواقع بڑھیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ریاستوں اور سرحدی امور (سیفران) کے وزیر مملکت غالب خان، فاٹا سے رکن قومی اسمبلی حاجی شاہ جی گل آفریدی اور سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی سید مطیع اللہ آغا نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات میں فاٹا اور قبائلی علاقہ جات سے متعلق امور پر گفتگوہوئی۔ وزیر مملکت برائے سیفران غالب خان اور رکن قومی اسمبلی حاجی شاہ جی گل آفریدی نے وزیراعظم کو فاٹا جبکہ مطیع اللہ آغا نے پشین کے دورے کی دعوت دی۔ مزید برآں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 2دسمبر کو روس جائیں گے۔ وہ اپنے دورے میں روس میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزیراعظم

ای پیپر-دی نیشن