سابق وزیراعظم کا نظریہ کرپشن : نوازشریف سے میرا موازنہ ایسا ہی ہے جیسے مجھے سلطانہ ڈاکو سے ملایا جائے : عمران
حافظ آباد+ ونیکے تارڑ (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سالانہ 300 سو ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے۔ بیروزگاری اور مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے۔ نواز شریف جس نظریے کا نام ہے وہ کرپشن ہے۔ عوام مسلسل لٹ رہے ہیں۔ نوازشریف اور آصف علی زرداری وطن عزیز کی سب سے بڑی بیماری ہیں۔ بدقسمتی سے نواز شریف اور زرداری جیسے لوگ اقتدار میں آئے۔ پاکستان کے وزیر دبئی میں نوکریاں کررہے ہیں۔ وزیر صحت دوائیوں سے پیسے بنارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میونسپل سٹیڈیم حافظ آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار جیسے لوگ عوام کا پیسہ لوٹ کر لندن کے ہسپتال میں بیمار بن کر پڑے ہوئے ہیں اور وزیر اعظم میں اتنی بھی اخلاقی جرات نہیں کہ وہ اس منی لانڈرکا استعفی حاصل کریں وہ اسے چھٹی دے رہے ہیں۔ وہ ملک کیسے آگے بڑھ سکتا ہے جس کے وزیر اعظم، وزیر اعلی سے لیکر سب وزیر چور اور لٹیرے ہوں۔ جس ملک میں انصاف کا نظام مظبوط ہو، لوگوں کو انصاف ملتا ہو، وہ ملک کبھی تباہ نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کا سانحہ یہ رہا ہے کہ کمزور چوری کرے تو جیلوں میں اور طاقتور ڈکیتی کرے تو اسمبلیوں میں اور حکومت میں پہنچتا ہے میرٹ کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں کرپٹ اور نااہل لوگوں کو اوپر بٹھایا ہوا ہے۔ انشاءاللہ ہم ایسا نیا پاکستان بنائیں گے جس میں ریاست کمزور طبقے کے ساتھ کھڑی ہوگی نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے۔ قرضے دیں گے۔ غریب کو امیر کریں گے، نوکریاں دیں گے بچوں کو تعلیم دیں گے سکول بنائیں گے۔ سرکاری سکولوں میں بہترین تعلیم دیں گے جس طرح خیبر پی کے میں ڈیڑھ لاکھ بچہ پرائیویٹ سے سرکاری سکولوں میں گیا ہے اسی طرح سرکاری سکولوں میں تعلیم کو اتنا معیاری بنا دیا جائے گا کہ لوگ پرائیویٹ سکولوں کو بھول کر اپنے بچوں کو سرکاری سکولوں میں فخر سے داخل کروائیں گے۔ 24 لاکھ بچہ مدرسوں میں پڑھتا ہے ان بچوں کو دینی کے ساتھ دنیاوی تعلیم بھی دیں گے، غریب گھرانوں کے یہ بچے ہمارے بچے ہیں ہم ان کی ذمہ داری لیں گے۔ سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیک کریں گے عورتوں کو سڑکوں پر بچوں کو جنم نہیں دینا پڑے گا ہر شخص کا علاج پاکستان میں ہوگا کسی کو علاج کیلئے باہر نہیں جانا پڑے گا۔ ہمارا نیاپاکستان ہرا، خوبصورت اور صاف ستھرا پاکستان ہوگا ہم تمام صوبوں اور ان کے عوام کو نظریہ پاکستان پر اکٹھا کرکے ایک نیا پاکستان تشکیل دیں گے۔ پاکستان کے دوبڑے مسائل کرپشن اور بیروزگاری ہیں، نوجوان نوکریوں کیلئے دھکے کھارہے ہیں جہاں جاتا ہوں نوجوان نوکریاں ڈھونڈتے نظر آتے ہیں۔ دنیا آگے چلی ہمارا ملک پیچھے رہ گیا۔ شریف خاندان کی ایک فیکٹری تھی، اقتدار میں آنے کے بعد 30 ہوگئیں۔ کرپشن کا مطلب اقتدار میں آکر پیسہ بنانا ہے۔ مغرب میں کوئی بھی اقتدار میں رہ کر ذاتی فائدہ اٹھائے تو جیل ہوتی ہے۔ آپ کا ٹیکس کا پیسہ ان کی جیبوں میں چلا جاتا ہے۔ اقتدار میں آکر پیسہ بنانا اور قرضے معاف کرانا آسان ہوتا ہے۔ قرض اتارنے کیلئے عوام پر ٹیکس لگائے جاتے ہیں۔ وزیراعظم خود چوری کرے تو وزراءکو نہیں روک سکتا۔ سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، پینے کا پانی نہیں ہے، سالانہ 40 ہزار ارب روپے کرپشن سے چوری ہوتے ہیں، ایک ہزار ارب روپے چوری ہوکر باہر چلے جاتے ہیں، یہ منی لانڈرنگ ہے۔ نواز شریف کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا، نواز شریف کو 300 ارب روپے بیرون ملک منتقل کرنے پر نکالا۔ قرضوں کی قسطیں واپس کرنے کیلئے عوام پر ٹیکس لگائے جاتے ہیں۔ نوجوانوں کے مستقبل سے گھناﺅنا کھیل کھیلا جارہا ہے۔ ہمیں کرپشن مافیا کا سامنا کرنے کیلئے تیاری کرنی ہے، ایک وزیر کا اقامہ نکل آیا ہے، خواجہ آصف 16 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر نوکری کررہے ہیں۔ ایک ہفتے میں خواجہ آصف سے متعلق اور چیزیں بھی نکال کر دکھائیں گے۔ اسحاق ڈار پر منی لانڈرنگ کا الزام ہے، ان کی بیرون ملک اربوں ڈالر کی جائیدادیں ہیں۔ اسحاق ڈار کے بچے اربوں پتی ہیں۔ وزیراعظم کی جرا¿ت نہیں کہ اسحاق ڈار کو نکالیں۔ اسحاق ڈار نواز شریف کیلئے منی لانڈرنگ کرتے تھے۔ 90 کی دہائی میں سوا ارب روپے باہر لے گئے۔ اسحاق ڈار کو پتہ ہے نواز شریف کے پیسے کہاں پڑے ہیں۔ ادارے مضبوط ہوں تو ملک ترقی کرتا ہے۔ یورپ میں ادارے مضبوط ہیں اس لئے وہاں خوشحالی ہے۔ ادارے مضبوط نہ ہوں تو ملک ترقی نہیں کرتا۔ اداروں میں کرپٹ لوگوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ قبل ازیں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران نے کہا کہ سیاسی احتجاج کو دہشتگردی کی شکل دینا میرا منہ بند کرنے کی کوشش ہے، سیاسی لوگوں پر دہشت گردی کا الزام لگایا جاتا ہے۔ میرا موازنہ نواز شریف سے نہ کریں، میرا موازنہ نوازشریف سے کرنا ایسا ہے جیسا سلطانہ ڈاکو سے موازنہ کرنا ہے، نواز شریف اپنے پیسے بچانے کے لیے اداروں پر حملے کررہے ہیں، نوازشریف ایک مجرم ہیں وہ بتائیں ان کے پیسے کیسے باہر گئے۔ نوازشریف 300 ارب روپے کی 29 جائیدادوں کا حساب دیں۔ شاہد خاقان عباسی ایک چور کو بچا رہے ہیں قوم کو مقروض بنانے والا پارٹی کا سربراہ کیسے بن سکتا ہے۔ صحافی کی جانب سے سوال پر کہ سابق صدر پرویز مشرف عدالتوں میں کیوں پیش نہیں ہورہے، عمران نے کہا کہ میں نواز شریف سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے پرویز مشرف کو کیوں نکالا اور کیوں جانے دیا۔
عمران