چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے نواز شریف سے بات چیت کا اشارہ دیدیا نوازشریف تصادم کی سیاست چھوڑ دیں تو بات چیت ہو سکتی ہے : بلاول
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے نواز شریف سے بات چیت کا اشارہ دیدیا۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ نواز شریف تصادم کی سیاست چھوڑ دیں تو بات چیت ہو سکتی ہے۔ نوازشریف کی سیاست میں نیا کچھ نہیں ہے، نوازشریف اپنی ذات کی سیاست کرتے ہیں۔ نوازشریف خطرناک کھیل کھیل رہے ہیں، وہ جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) میثاق جمہوریت پر بات کرنا چاہتی ہے تو پہلے اقدامات کرے۔ نواز شریف اور جمہوریت کا کوئی تعلق نہیں۔ میاں صاحب کو مشورہ دیتے ہیں تصادم کی سیاست چھوڑ دیں‘ نوازشریف طور طریقے بدلیں تاکہ بات چیت کا ماحول پیدا ہو۔ میاں صاحب کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں۔ ہمیں نوازشریف کے اقدامات اور طریقہ کار سے مسئلہ ہے۔ پیپلز پارٹی کی تاریخ جدوجہد کی تاریخ ہے۔ ہمارا بنیادی منشور روٹی‘ کپڑا اور مکان ہی رہیگا‘ یہ ایک نعرہ نہیں تھا بلکہ ایک سوچ اور امید کا نعرہ تھا۔ عمران خان سے نظریاتی اختلافات ہیں‘ عمران خان کی گالم گلوچ کی سیاست نوجوانوں کےلئے خطرناک ہے۔ ملیر گلشن حدید میں کارکنوں سے ہولوگرام ٹیکنالوجی کے ذریعے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے پریڈ گراﺅنڈ میں یوم تاسیس پر عظیم جلسہ ہو گا۔ کراچی روشنیوں کا شہر کہلاتا ہے جہاں پر رنگ و نسل کے لوگ بستے ہیں۔ کراچی منی پاکستان ہے۔ سازش کے تحت کراچی پر لسانیت تھوپی گئی۔ پیپلز پارٹی شہری اور دیہی علاقوں کی تقسیم نہیں کرتی۔ کراچی میں تعلیم نہ ہونے کے برابر ہو گئی، بے روزگاری بڑھی، سازشیوں نے بھتہ خوری اور دہشت گردی کو کراچی کی پہچان بنایا۔ کراچی والوں کی قسمت میں ہمیشہ خوف میں رہنا نہیں لکھا، شہر سے نفرتوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ آمریت ہو یا ضیائی مارشل لائ، کراچی کے لوگوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ بزرگ پارلیمنٹ بنانے کی کوئی کوشش نہیں ہو رہی۔ آصف علی زرداری ذاتیات کی سیاست نہیں کرتے۔ نوازشریف نے بھی ہم سے ملنے سے انکار کیا، ہم اصولی مو¿قف پر قائم ہیں۔ شفاف انتخابات ہوئے تو پارلیمنٹ میں ہر جماعت کو نمائندگی ملے گی۔ انتخابات 2018ءمیں بہتر پوزیشن پر ہونگے۔ پیپلز پارٹی پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان سے بھی سیٹیں لے گی۔ عمران خان کا 2018ءمیں آخری اور میرا پہلا الیکشن ہو گا۔ مریم نواز اپنی پارٹی کی متحرک سیاستدان ہیں، مسلم لیگ (ن) میں کسی خاتون کو سیاست کا موقع ملنا اچھی بات ہے۔ علاوہ ازیں امریکی قونصلیٹ الزبتھ کینڈی سمیت سویڈن کے سفیر نے گزشتہ روز بلاول ہاﺅس لاہور میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ قمر الزمان کائرہ سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ امریکی قونصلیٹ اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے والی کسی سیاسی جماعت سے اتحاد نہیں کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری لاہور کے تین روزہ دورے کے بعد کراچی روانہ ہو گئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاﺅس لاہور میں تین روز قیام کیا، اپنے قیام کے دوران انہوں نے مختلف پارٹی رہنماﺅں سمیت غیرملکی سفیروں و کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ بلاول بھٹو زرداری گزشتہ شام خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی روانہ ہوئے۔
بلاول