• news
  • image

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ ، کھلاڑیوں میں کارکردگی دکھانے کا مقابلہ

حافظ عمران
راولپنڈی میں نیشنل ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے مقابلے جاری ہیں۔اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے بہترین کھلاڑی کی مختلف ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ بہترین کرکٹرز بہترین کرکٹرز کے خلاف میدان میں ہیں، معیاری کرکٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بیٹنگ کے شعبے میں کئی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ کئی نوجوان کرکٹرز بھی متاثر کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ بعض سینئر کرکٹرز بھی اچھے کھیل سے دوبارہ سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ سنسنی خیز میچوں کی وجہ سے ٹیلی وڑن پر دیکھنے والے بہت لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ کئی میچز کا فیصلہ آخری اوورز میں ہوا ہے۔ پچز بہت اچھی بنائی گئی ہیں۔ کچھ میچز خراب موسم کی وجہ سے متاثر ہوئے اور محدود وقت کے لیے پچ کا رویہ بھی تبدیل ہوا لیکن مجموعی طور پر پچز کا معیار بہت اچھا رہا ہے۔ نئے کھلاڑیوں میں حسین طلعت، سعد علی، سہیل اختر، صاحبزادہ فرحان سمیت کئی نئے کرکٹرز اپنے کھیل سے اچھا تاثر چھوڑنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ایسے کرکٹرز جو کسی بھی فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں انکی جاندار پرفارمنس سے ایونٹ کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ کامران اکمل سب سے نمایاں نظر آ رہے ہیں اس ٹورنامنٹ میں انہوں نے کئی نئے ریکارڈز بھی قائم کیے ہیں۔ اوپننگ کرتے ہوئے انکا بلا مسلسل رنز اگل رہا ہے جس اعتماد سے وہ کھیل رہے ہیں یہ انکا ہی خاصہ ہے بہترین باولنگ کے خلاف باآسانی رنز بناتے ہوئے انہوں نے اپنی اہمیت ثابت کرتے ہوئے نیشنل سلیکٹرز اور قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ گذشتہ روز اسلام آباد کے خلاف میچ میں تھری فگر اننگز کھیل کر انہوں نے کمال کر دیا ایک مرتبہ کامران نے پھر ثابت کیا ہے کہ انکی کرکٹ ابھی باقی ہے اور انہیں نظرانداز کرنا مشکل ہو گا تاہم انکے چھوٹے بھائی عمر اکمل توقعات کے مطابق کھیل پیش نہیں کر سکے۔ سلمان بٹ بھی اچھی فارم میں دکھائی دے رہے ہیں۔ آل راونڈر فہیم اشرف باولنگ اور بیٹنگ میں عمدہ کارکردگی دکھا رہے ہیں بالخصوص راولپنڈی کے خلاف میچ میں انہوں نے مشکل وقت میں جارحانہ بلیبازی سے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان ٹیم کے کوچ اظہر محمود بھی فہیم اشرف کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ حسن علی نے بھی جتنے میچز کھیلے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔صہیب مقصود فٹنس مسائل سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے بعد اس ایونٹ میں اپنے روایتی رنگ میں نظر آ رہے ہیں انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے میچ وننگ پرفارمنس دی ہے۔ پاور ہٹنگ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں جب وہ کریز پر پوتے ہیں تو انہیں رنز بنانے میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی۔ اس ایونٹ میں صہیب مقصود حقیقی معنوں میں اپنے اصل رنگ میں دکھائی دیے وہ گراونڈ میں ہر طرف شاٹس کھیلتے اور باونڈریز حاصل کرتے رہے۔ صاحبزادہ فرحان، خوشدل، اسرار اللہ پر ماہرین کی نظریں ہیں۔ آل راونڈر عامر یامین بھی وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہو رہے ہیں۔ انکی بیٹنگ میں نکھار آ رہا ہے۔ نچلے نمبروں پر وہ تیزی سے رنز بنانے کی اہلیت رکھتے ہیں اور اس شعبے میں بہتری کے لیے خاصی محنت کر رہے ہیں۔ عمر امین کا بیٹنگ آرڈر تبدیل ہوا ہے ٹاپ آرڈر بیٹسمین کی حیثیت سے وہ متاثر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں پاکستان ٹیم میں بھی انکا بیٹنگ آرڈر بدلا گیا ہے امید ہے کہ اب انہیں مناسب موقع ملے گا تاکہ وہ صلاحیتوں کے مطابق پرفارم کر سکیں۔ شان مسعود کی طرف سے محدود اوورز کی کرکٹ میں رنز کرنے سے اوپننگ میں مقابلہ بڑھا ہے۔ سمیع اسلم بھی ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق کھیلتے ہوئیبدکھائی دے رہے ہیں انہوں نے ون ڈے کپ میں بھی اچھے رنز کیے تھے۔ کراچی کی طرف سے خرم منظور مسلسل رنز کر کے اپنی موجودگی کا احساس دلا رہے ہیں۔ انہوں نے سینچری سکور بھی کی جبکہ نصف سینچریاں بنا کر بھی اپنی فارم ثابت کی ہے۔ سہیل خان اچھی باولنگ کر رہے ہیں، عمید آصف اور اعزاز چیمہ بھی وکٹیں لے رہے ہیں۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن