• news

ردالفساد: سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں‘ پولیس اہلکار شہید‘ 3 دہشت گرد ہلاک‘ 4 گرفتار

کوئٹہ + پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) سکیورٹی فورسز نے آواران کے علاقے پیراندرگزی میں کارروائی کی‘ لیویز ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی بلوچستان نے ڈیرہ بگٹی، اچ گلستان اور ڈیرہ مراد جمالی میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کر کے انکے قبضہ سے 46کلوگرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے، اسکے علاوہ بارودی سرنگیں گرینیڈ اور اسلحہ بھی برآمد کیا ہے جبکہ ڈیرہ مراد جمالی میں موٹر سائیکل پر نصب بارود ناکارہ بنا دیا گیا ہے یہ موٹر سائیکل خود کش حملے کیلئے تیار کی گئی تھی جبکہ خضدار میں ایف سی اور حساس ادارے کی کارروائی 10کلووزنی بم برآمد کرکے ناکارہ بنادی سیکورٹی فورسز ذرائع کے مطابق جمعہ کو خضدار کے علاقے کھنڈ نیو بس اڈ ہ کے قریب ایف سی اور حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے 10کلووزنی بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیاگیا۔ ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والا بم ربیع الاول کے جلوس میں تخریب کاری کی واردات میں استعمال ہونا تھا۔ لکی مروت میں پولیس پر فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق ہو گیا پولیس کی جوابی فائرنگ سے اشتہاری ہلاک ہو گیا جبکہ محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو باروی مواد سمیت گرفتار کرلیا ہے جنہیں مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والے بم کو بی ڈی یو کے ذریعے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور ہیڈ کوارٹر سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز ایک خفیہ اطلاع پر پشاور شہر کو ایک بار پھر بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے 2 دہشت گردوں عبد الکریم ولد عبد الرئوف ساکن مہمند ایجنسی حال کندے نودیہہ بالا پشاور اور ظاہر شاہ ولد میاں گل ساکن اپر مہمند ایجنسی کو فقیر کلے درمنگی روڈ خوڑ پشاور سے گرفتار کرلیا، بیان کے مطابق ملزمان کے قبضہ سے 3کلو گرام وزنی دیسی ساختہ بم جو کہ پلاسٹک کے ٹپکے میں تیار گیا تھا اور ایک دستی بم برآمد کرکے بم ڈسپوزل یونٹ کے ذریعے ناکارہ بنا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن