• news

مری میں غیرقانونی تعمیرات‘ چیف جسٹس کا نوٹس‘ حکام سے رپورٹ طلب

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے مری میں غیرقانونی تعمیرات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ چیف جسٹس نے ڈی جی انسانی حقوق سیل کو ہدایات جاری کی کہ اس حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جائے۔ جمعہ کو چیف جسٹس نے نوٹس مری میں تعینات افسر کی درخواست پر سماعت کے دوران لیا۔ انھوں نے ڈائریکٹر جنرل انسانی حقوق سیل کو ہدایت جاری کی ہیں کہ عدالت کو متعلقہ حکام سے پوچھ کر بتایا جائے کہ مری میں کتنی غیرقانونی تعمیرات ہوئیں اور متعلقہ حکام سے معاملے پر رپورٹ لیکر عدالت میں جمع کروائی جائے۔ نوٹس لیتے ہوئے چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار کاکہنا تھا کہ مری بھی راجہ بازار بنتا جارہا ہے، مبینہ ملی بھگت سے ہونے والی تجاوزات کے باعث بازار اور سڑکیں تنگ ہوتی جارہی ہیں، جس سے سٹرکوں پر ٹریفک بلاک ہونا معمول بن گیا ہے جبکہ درختوں کی کٹائی سے گلوبل وارمنگ بڑھ رہی ہے، اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ مری میں ایک افسر کو غیرقانونی تعمیرات کے معاملے پر غفلت برتنے پرکام سے نکال دیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن