• news

مسلم لیگ ن کا آج اہم اجلاس، قومی اسمبلی سے غیرحاضر ارکان کیخلاف کارروائی کا امکان

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) سابق وزیراعظم نوازشریف نے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس آج جاتی امراء میں طلب کر لیا، آئندہ سیاسی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کی نئی حلقہ بندیوں کے بارے میں آئینی ترمیم، پیپلز پارٹی کی قیادت کے طرز عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب حسین ، وزیر خارجہ خواجہ آصف، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر،وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید اور دیگر رہنمائوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اپنے حلقہ انتخاب میں مصروف ہیں۔ اجلاس میں شیخ آفتاب حسین قومی اسمبلی میں الیکشن ترمیمی بل 2017 پیش کئے جانے کے موقع پر غیر حاضر مسلم لیگی ارکان قومی اسمبلی کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں گے۔ اجلاس میں 10مسلم لیگی ارکان کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا جانے کا امکان ہے قومی اسمبلی کے اجلاس میں دانستہ شرکت نہ کرنے والے مسلم لیگی ارکان رضا حیات ہراج، نثار جٹ اور سلطان ہنجرا کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔ نذیر خان کی والدہ شدید علیل ہیں جب کہ سکندر بوسن بھی علیل ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید نے بتایا پارٹی کی سطح پر تحقیقات کی جا رہی ہے کہ منگل کو قومی اسمبلی کے اہم اجلاس میں ارکان اسمبلی کی غیر حاضری کی وجہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے بیرون ملک موجودگی، بیماری یا ناگزیر مصروفیات کی وجہ سے شرکت نہیں کی ان سے سوال نہیں کیا جائے گا تاہم جن ارکان نے بغیر کسی ٹھوس وجہ کے شرکت نہیں کی تھی ان سے اپنی پوزیشن واضح کرنے کا کہا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن