ملک پر مسلط اشرافیہ اسلام کو سب سے بڑا خطرہ سمجھتی ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ربیع الاوّل کا اصل پیغام یہ ہے کہ دنیامیں شریعت محمدی ؐ کا غلبہ ہو، خاص طور پر مسلم ممالک میں نظام مصطفیؐ کا مکمل نفاذ ہو اور خلافت کے احیا کیلئے عالم اسلام متحد ہوکر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرے ۔ آپ ؐ کی حیات طیبہ کہ قیامت تک کی انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے۔ آپؐ نے معیشت، زراعت، تجارت، سیاست اور حکومت کا بہترین نظام دیا۔ اسلامی نظام میں انسانیت کی تما م پریشانیوں کا علاج موجود ہے۔ عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اور غلامی مصطفیؐ کا تقاضا ہے کہ ملک میں نظام مصطفیؐ نافذ ہو جائے۔ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ کلمہ کی بنیاد پر بننے والے ملک میں 70سال سے اللہ کے باغی اور سیکولر قوتوں کے غلام حکمران اقتدار پر قابض ہیں جو ملک و ملت کو اسلام سے دور کر رہے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان پر مسلط اشرافیہ اسلام کو اپنے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھتی ہے حالانکہ اسلام انسانیت کے لیے رحمت اور باطل نظام دنیا کے لیے سراسر تباہی او ر بربادی ہے ۔ اسلام مردوں کی بے حرمتی سے روکتاہے اور جنگ میں بھی درختوں اور فصلوں کو جلانے سے منع کرتاہے جبکہ باطل زندہ انسانوں کو جلانے سے بھی بازنہی آتا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں موجود مغرب کے ذہنی غلام روسی اور امریکی فوجوں کی اسلامی ملک پر چڑھائی پر تالیاں بجاتے ہوئے ان کا استقبال کرتے ہیں۔ سراج الحق نے 25نومبر عالمی یوم تحفظ خواتین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسلام عورت کو ماں بہن اور بیٹی کے مقدس رشتوں کی حیثیت سے احترام اور عزت و وقار کا مرتبہ دیتاہے جبکہ مغرب نے عورت کو بازار کی زینت بنا کر اس کا استحصال کیا ہے۔ وزیرآباد سے نامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملکی مسائل کے حل، ترقی، امن وخوشحالی کے لئے سیا سی بیداری اوردیانتدارقیادت کی ضرورت ہے۔ نوجوان ملک کامستقبل ہیںانہیںقومی دھارے میںشامل کئے بغیرحقیقی معنوں میںترقی نہیںہوسکتی جماعت اسلا می نوجوانوںکی طاقت سے ظلم وجبرکانظام تبدیل کرے گی۔ وہ جماعت اسلامی یوتھ کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں متقدر طبقہ نے عوام پر 70سال تک راج کیا لیکن پاکستان کوجہالت، غربت، بے روزگاری اوردنیا بھرمیں اپنی نااہلی اورکرپشن کی وجہ سے بدنامی کے سواکچھ نہیںدیا۔اس موقع پربلال قدرت بٹ،ڈاکٹر محمدعبید اللہ گوھر،وقاص احمدبٹ،فرقان عزیزبٹ،صابر حسین بٹ، زمان حیدرچیمہ، عبد الوکیل علوی ودیگر بھی موجودتھے۔انہو ںنے کہا کہ اس کے برعکس جماعت اسلا می کے سینکڑوں کارکن اقتدارکے ایوانوں میں رہے کسی کے دامن پرکرپشن اوراقرباء پروری کاکوئی داغ نہیںہے۔ سراج الحق نے کہا کہ نوازشریف قوم کوبتا ئو کہ تیس سال سے زائد پاکستان پرحکومت کرنے کے باوجود کسی بیگناہ کوآج تک انصاف کیوں میسرنہ ہوسکا۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے نوجوانوں کو ڈگریاں جلانے پر مجبور کر دیا۔ میرٹ نام کی کوئی چیز نہیں۔ بچے گندگی پر رزق تلاش کرنے پر مجبور ہیں۔ آئندہ الیکشن میں 50 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دینگے۔