لاہور ہائیکورٹ: نواز شریف سے پروٹوکول واپس لینے کیلئے درخواست پر حکومت کو نوٹس
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے پروٹوکول کی 40 گاڑیاں واپس لینے کیلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کی درخواست پر سماعت کی جس میں نواز شریف کی جانب سے 40 گاڑیوں کے پروٹوکول کے استعمال کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے اعتراض اٹھایا کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو پانامہ کیس میں نااہل قرار دیا جس کے بعد انہیں وزیر اعظم کے منصب سے سبکدوش ہونا پڑا۔ درخواستگزار کے مطابق نااہلی کے فیصلے کے باوجود نواز شریف پروٹوکول لے رہے ہیں۔ درخواست گزار نے بتایا کہ استحقاق نہ ہونے کے باوجود نواز شریف پنجاب ہائوس بھی استعمال کر رہے ہیں۔ درخواستگزار نے نشاندہی کی پروٹوکول میں 40 گاڑیوں کے استعمال سے عوام کے پیسے کا ضیاع ہے۔ درخواستگزار نے دعویٰ کیا جے آئی ٹی میں پیشی کے دوران نواز شریف اور مریم نواز کے پروٹوکول کی مد میں 2.18 ملین خرچ کیے گئے۔ درخواستگزار عندلیب عباس نے استدعا کی نواز شریف سے پروٹوکول واپس لینے کے ساتھ ان کے پنجاب ہائوس استعمال کرنے پر بھی پابندی لگائی جائے۔ درخواست پر آئندہ سماعت 21 دسمبر کو ہوگی۔