دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے اور پاکستان نے اس جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں : شہبازشریف
لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی) وزیراعلی شہبازشریف نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے اور پاکستان نے اس جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں جس کی تاریخ عالم میں کوئی مثال موجود نہیں۔ پاک فوج کے بہادر افسروں، جوانوں، پولیس کے دلیر افسروں اور اہلکاروں سمیت زندگی کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ عصر حاضر کی تاریخ پاکستانی قوم کی ان عظیم قربانیوں کی کوئی نظیر پیش کرنے سے قاصر ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحے پر ہیں اور مشترکہ بصیرت کے تحت کئے جانے والے اجتماعی فیصلوں کے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں ملی ہےں۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد آپریشن ردالفساد بھی کامیابی سے جاری ہے۔ دہشت گرد پاک دھرتی کا ناسور ہیں، ان کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر پاکستانی کی جنگ ہے اوریہ جنگ ہم نے ہر صورت جیتنی ہے ۔ وزیراعلی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کی قربانیاں دینے والے پاکستان کے عظیم سپوتوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہدا کاخون اس دھرتی پر قرض ہے اور ہم یہ قرض اتار کر دم لیں گے۔ پوری قوم شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلیوٹ کرتی ہے۔ ان قربانیوں کو ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے کیونکہ انہوں نے اپنا آج قوم کے کل پر قربان کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو ٹیلی فون کر کے خیریت دریافت کی۔ دھرنے کے مشتعل مظاہرین نے فیض آباد میں چودھری نثار علی خان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا تھا۔