;;احتجاج، مظاہروں کی کوریج، نوائے وقت کے ضمیمہ کی عوام میں زبردست پذیرائی
لاہور (رفیق سلطان/ وقت نیوز رپورٹ) نوائے وقت گروپ نے ہمیشہ کی طرح غیرجانبدارانہ اور ذمہ دارانہ صحافت کی روایت قائم رکھی۔ عوام کو تحریک لبیک کے ملک بھر میں جاری احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں سے متعلق آگاہ رکھنے کے لیے ضمیمہ شائع کیا۔ جب لاہور میں تحریک لبیک کا احتجاج عروج کو پہنچا تو حکومت کی جانب سے ٹی وی چینلز کی نشریات بند کر دی گئیں۔ نہ صرف اسلام آباد اور لاہور بلکہ مختلف شہروں میں ہونے والے احتجاج سے متعلق عوام بے خبر ہو گئے۔ اس حکومتی اقدام سے جہاں عام شہری متاثر ہوئے وہیں پردیسی دوسرے شہروں کو سفر کرنے والے بھی خوار ہو گئے۔ تحریک لبیک کی آواز لوگوں تک پہنچانے کے لیے نوائے گروپ نے صحافتی ذمہ داری کے پیش نظر روزنامہ نوائے وقت کا ضمیمہ شائع کیا جس میں دھرنے سے متعلق حقائق پر صورتحال شائع کی گئی۔ دھرنے میں شریک تحریک کے کارکن اور عام شہریوں نے عوام کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رکھنے کے لیے روزنامہ نوائے وقت کے ضمیمے کو جرات مندانہ قدم قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ نوائے وقت گروپ نے ہمیشہ ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کی۔ خصوصی طور پر جب حکومت نے ٹی وی چینلز کی نشریات کو بند کیا تو نوائے وقت نے ضمیمے چھاپ کر اپنی صحافتی ذمہ داری احسن انداز سے نبھائی۔ ڈاکٹر اشرف جلالی نے بھی نوائے وقت کے اس اقدام کو سراہا۔
ضمیمہ