بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشتگردی قرار دیکر عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے: خواجہ آصف
اسلام آباد (آئی این پی ) وزیرخارجہ خواجہ محمدآصف نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کی مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سخت پابندیاں اور تلاشی کی کارروائیاں بے گناہ لوگوں کیلئے اجتماعی سزا ہے، بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی قرار دیکر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مذموم کوششیں کررہاہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے تصفئے تک ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں سخت پابندیاں اور تلاشی کی کارروائیاں ان بے گناہ لوگوں کیلئے اجتماعی سزا ہے جو غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہاوقت کے ساتھ شہدا کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے کہا بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی قرار دیکر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مذموم کوششیں کررہاہے۔