.پاکستان‘ ترکی کا دوطرفہ رابطوں کو وسعت دینے‘ دفاعی تعاون سے استفادہ پر اتفاق
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اور ترکی نے دوطرفہ رابطوں کو وسعت دینے، دفاعی تعاون کی استعداد سے بھرپور استفادہ اور نئے منصوبوں کی نشاندہی پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے وفاقی وزیردفاعی پیداوار رانا تنویر حسین اور ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع نوریتن کانیکلی کے درمیان ملاقات میں کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں وزرائے دفاع نے دوطرفہ تعاون بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان دفاعی پیداوارکے شعبے میں منصوبوں کا جامع انداز میں جائزہ لیا۔ پاکستان اورترکی کے درمیان بڑھتے تعلقات پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے دونوں وزراء نے دفاعی صنعت میں تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع نے کہاکہ پاکستان اور ترکی بھائی ہیں اور دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی جڑیں تاریخ میں جڑی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات تمام سطح پر ہیں۔ ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سجاد قاضی اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجنئیرنگ ورکس کے منیجنگ ڈائریکٹر رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے مذاکرات میں وفاقی وزیر کی معاونت کی جبکہ ترکی کی دفاعی صنعت سے وابستہ عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں ترکی کی قومی وزارت دفاع آمد پر وفاقی وزیرکو ترکی کی مسلح افواج کے ایک چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔