• news

لگتا ہے پاکستان میں دہشت گردی کی لہر پھر سر اٹھا رہی ہے: فضل الرحمن

پشاور (بیورو رپورٹ) جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے پشاور اور کوئٹہ میں ہونے والے واقعات پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ایسا محسوس ہوتا ہے پاکستان میں دہشت گردی کی لہر ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے ان حالات میں قوم میں اتحاد وحدت کی اشد ضرورت ہے اس حوالہ سے پاکستان کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مولانا محمد امجد خان،حافظ حسین احمد، مولانا راشد خالد محمود سومرو، حاجی شمس الرحمن شمسی سے ملاقات کے دوران کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے ان واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندان سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا امن اس وقت کی اہم ضرورت ہے پاکستان جس نازک موڑ پر کھڑا ہے اس نازک موڑ پر دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ امن واتحاد سے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں سے اپیل کی وہ امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں، کسی ایسی سازش کو کامیاب نہ ہو نے دیں جو ہمارے ملک میں بدامنی کا ذریعہ بنے اور ہمارے ملک میں پاکستان کی ترقی کے راستے میں رکاوٹ بنے۔ انہوں نے کہا ملک کی ترقی واستحکام کیلئے ہم سب کو ایک ہونا ہو گا۔ بدامنی کے خاتمہ سے ہی ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہو سکتا ہے۔ فضل الرحمن نے مصر کی مسجد میں ہونے والے سانحہ پر کہا یہ بربریت کی ایک بہت بڑی علامت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن