آئندہ الیکشن جیت کر ہر طبقے کو ریلیف دیں گے: یوسف رضا گیلانی
ملتان(آئی این پی) سابق وزیراعظم و پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے آئین کی سربلندی اور جمہوری نظام کی بقا کے لئے اقتدار قربان کر دیا۔ 2018ء کے انتخابات میں پیپلزپارٹی بھرپور کامیابی حاصل کر کے غریبوں، مزدوروں، ملازمین، طلبائ، خواتین، بے روزگاروں سمیت تمام طبقات کو ریلیف دے گی۔ پیپلز لیبر بیورو جنوبی پنجاب کا کنونشن زیرصدارت صدر جنوبی پنجاب ملک بشیر احمد منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی سینئر وائس چیئرمین سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، سابق ایم پی اے سید احمد مجتبیٰ گیلانی، سابق جسٹس جبیب اللہ شاکر، اقبال خالد صدر پیپلزپارٹی سعودی عرب تھے اور جنوبی پنجاب کے تینوں ڈویڑنز اور تمام اضلاع کے نمائندوں اور وفاقی، صوبائی اداروں اور صنعتی اداروں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ کنونشن سے صدر جنوبی پنجاب چیئرمین ریلوے مزدور یونین رجسٹرڈ ملک بشیر احمد نے بھی خطاب کیا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو اور سابقہ حکومت یوسف رضا گیلانی کے دور کے مزدور، غریب دوست کارناموں، قوانین اور اقدامات پر روشنی ڈالی اور اداروں کی نجکاری کے خلاف قراردداد پاس کرائی اور واپڈا، او جی ڈی سی ایل، لوکو، کیرج، مکینکل، سگنل بلاک اور کلیریکل اور کلاس فور سٹاف کے اپ گریڈیشن مستقلی اور الائونسز کا مطالبہ کیا اور بالخصوص واپڈا اور او جی ڈی سی ایل میں ہونے والی انتقامی کارروائیوں کی بھرپور مذمت کی گئی۔