وزیراعظم مستعفی ہوکر نگراں حکومت کے قیام کا اعلان کریں، قادر مگسی
کراچی (سٹاف رِپورٹر) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئر مین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی حکومت ناکام ہو گئی ہے، وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ استعفیٰ دے کر عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کریں اور جلد عام انتخابات کرائے جائیں، حکومت کے غلط فیصلوں کے سبب ملک میں مارشل لاکا ماحول پید اہورہا ہے، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی سندھ دشمن سامراج کی سیاسی جماعتیں ہیں۔فاروق ستار ایک بزدل شخص ہیں جو اسٹیبلشمنٹ کے ایجنڈے پر چلتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو کراچی میں سچل گوٹھ کے گرانڈ میں یوم شہداکی مناسبت سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسے میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے وائس چیئرمین جام عبدالفتح سمیت سندھ بھر سے کارکنان نے شرکت کی۔ جلسے کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بیٹھے ہوئے حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوںکہ الطاف حسین اور آصف زرداری ایک سکے کے دو رخ ہیں۔یہ دونوں پاکستان سے غداری اور ملک کو تقسیم کی سازش کررہے ہیں۔