یورپ سے خطرہ ہوا تو میزائلوں کی رینج 2000 کلومیٹر سے بھی زائد کردینگے:ایران
تہران (آئی این پی) ایران نے خبردار کیا ہے کہ یورپ سے خطرہ ہوا تو میزائل کی حد بڑھا دیں گے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق ایران کے پاسدارن انقلاب کے نائب سربراہ نے یورپ کو متنبہ کیا ہے کہ اگر وہ تہران کے لیے خطرہ بنا تو وہ اپنے میزائلوں کی حد کو دو ہزار کلومیٹر سے بھی زیادہ کر دے گا۔فرانس نے تہران کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق ایران کے ساتھ "سمجھوتے کے بغیر" مذاکرات اور 2015 کے عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے ہٹ کر دیگر معاملات پر بات چیت پر زور دیا تھا۔ایران تواتر سے کہتا آ رہا ہے کہ اس کا میزائل پروگرام دفاعی نوعیت کا ہے اور اس پر کوئی بات نہیں ہو گی۔خبر رساں ایجنسی 'فارس' کے مطابق بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی کا کہنا ہے کہ اگر ہم نے اپنے میزائلوں کی حد دو ہزار کلومیٹر تک رکھی ہوئی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمارے پاس ٹیکنالوجی نہیں ہے۔ ہم اسٹریٹیجک نظریے کی پاسداری کر رہے ہیں۔ "ابھی تک ہم نے محسوس کیا ہے کہ یورپ ہمارے لیے خطرہ نہیں، لہذا ہم نے اپنے میزائلوں کی حد کو نہیں بڑھایا۔ لیکن اگر یورپ خطرے میں تبدیل ہونا چاہتی ہے، ہم اپنے میزائلوں کی حد بڑھائیں گے۔