.گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس درحقیقت جنرل مشرف الائنس ہے: منظور وسان
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ کے صوبائی وزیر صنعت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ سکھر میں فنکشنل لیگ کا جلسہ تیسری قوت کے سہارے پر کیا گیا ہے۔ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نہیں بلکہ جنرل مشرف الائنس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ڈی اے کے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ف لیگ کے رہنماء صدرالدین شاہ کا کرپشن پر بات کرنا قیامت کی نشانی ہے۔ جنرل مشرف الائنس عام انتخابات میں پہلے سے بھی کم سیٹیں لے گا۔ سندھ میں لوگوں نے کرپشن کرنا فنکشنل لیگ سے ہی سیکھا ہے۔ انہوں نے پیشنگوئی کرتے ہوئے کہا کہ سٹیبلشمنٹ ف لیگ والوں سے کام لیکر ان کوبھی جیل بھیج دیگی۔ سٹیبشلمنٹ کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑے گی۔ جی ایم اے کا مجھے کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے کچھ رہنماء پی ٹی آئی‘ ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں شامل ہوجائیں گے آئندہ انتخابات میں فنکشنل لیگ کو سانگھڑ اور خیرپور میں بھی شکست ملے گی‘ الائنس والے مشرف کے ساتھ ملکر سندھ کو دو حصوں میں باٹنے کی سازش کررہے ہیں۔