حکومت وقت پر مسئلہ حل کر لیتی تو اسلام آباد دھرنے کی نوبت نہ آتی: عبدالمجید شاکر
جوئیانوالہ (نامہ نگار)جمعیت اہلحدیث کے مرکزی رہنما عبدالمجید شاکر نے کہاہے کہ اسلام آ باد دھرنا کی نوبت نہیں آنی چاہئے تھی حکومت اگر وقت پر مسئلہ ختم نبوت پر آواز اٹھانے والوں کی بات پر کان دھرتی اور ہوش کے ناخن لیتی تو یہ مسئلہ یوں پیچیدہ نہ ہوتا، دھرنا مظاہرین کو بھی چاہئے کہ وہ ملک و قوم کے وسیع تر مفادات کے پیش نظر احتجاج کی بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں اور حکومت بھی گرفتار رہنماﺅں اور کارکنان کو فوری رہا کرکے ان کے مطالبات کی منظوری میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عبدالمجید شاکر نے کہا کہ حضور اکرم سے عقیدت و محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے آپ کی ذات بھی سب سے افضل و اعلیٰ اور سیرت بھی سب سے اعلیٰ و افضل ہے حضور اکرم کا اسوہ حسنہ امت مسلمہ ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے آپ کی سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حضور کی پیدائش سے لیکر وصال تک اللہ رب العزت نے آپ کی حیات طیبہ کے ہر پہلو کو اپنی نگرانی میں استوار کیا تاکہ آنے والے کسی بھی دور میں کسی زمانے کی کسی قوم کا کوئی فرد آپ کی سیرت کے کسی پہلو پر انگلی نہ اٹھا سکے آج امت کے ہر فرد کو آپ کی تعلیمات کو اپنانا ہو گا اور آپکی اگر اک اک ادا کو اپنا لیں تو پھر ہماری دنیا و آخرت سنور سکتی ہے۔