• news

افغانستان: ڈرون حملہ‘ طالبان کا چوکیوں پر دھاوا‘12 فوجیوں سمیت39 ہلاک

کابل (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں طالبان کے افغان فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملوں میں 12افغان فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 2جنگجو مارے گئے ادھر مشرقی صوبہ ننگرہار میں طالبان نے اپنے لیڈر کوداعش کے ساتھ تعلق کے شبے میں پھانسی دیدی ،دوسری جانب مشرقی صوبہ پکتیکا میں پولیس فورسز کے درمیان آپس کی جھڑپ میں 3اہلکار ہلاک اور20زخمی ہوگئے۔ پیر کو افغان میڈیا کے مطابق جنوب مغربی صوبہ نمروز میں طالبان کے افغان سیکورٹی چیک پوسٹوں پر حملوں میں افغان نیشنل آرمی کے 12اہلکار ہلاک ہوگئے۔ طالبان عسکریت پسندوں نے ضلع خاشرود کے علاقے منار میں افغان نیشنل آرمی کی چیک پوسٹوں پر حملہ کردیا۔ افغان فوجیوں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ صوبائی پولیس کمانڈنٹ نے ایک بیان میں بتایاکہ امریکی بغیر پائلٹ طیارے نے ضلع ہیسکا مینا میں دہشتگردوں کو نشانہ بنایا۔ بیا ن میں مزید کہا گیا ہے کہ عسکریت پسند اوغاز کے علاقے میں کیے گئے فضائی حملے میں مارے گئے۔ حکام نے مزید بتایا ہے کہ طالبان کے ہاتھوں مارے جانے والے طالبان رہنما کی شناخت مولوی شکور کے نام سے ہوئی ہے ۔صوبائی حکومت کے میڈیا آفس سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ مسلح طالبان جنھوں نے اپنے چہرے نقاب سے چھپا رکھے تھے نے اپنے لیڈر کو داعش کے ساتھ تعلق کے شبے میں پھانسی دی۔بیان میں مزید کہاگیاہے کہ طالبان رہنما کو کرکی خیل کے علاقے میں قتل کیاگیا۔دوسری جانب جنوب مشرقی صوبہ پکتیکا میں پولیس فورسز کے درمیان آپس کی لڑائی ہوئی ہے۔ مقامی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ صوبائی دارالحکومت شارانا کے علاقے میں پیش آیا۔ حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایاکہ پولیس فورسز کے درمیان جھڑپ دونوں جانب کے کمانڈر کے درمیان تلخ کلامی کے بعد شروع ہوئی جس میں 3پولیس اہلکار ہلاک اور20 دیگر زخمی ہوگئے ۔

ای پیپر-دی نیشن