دھرنا حکومتی نااہلی کاپول کھل گیا غیر یقینی صورتحال واحد نئے الیکشن ہیں :عمران
اسلام آباد +لاہور (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف نے حکومت کے خاتمے کے لئے دبائو بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔ تحریک انصاف کے کور گروپ کا اجلاس عمران خان کی زیرصدارت ہوااس موقع پر عمران خان نے کہا موجودہ حکومت ناکام ہو چکی وزیراعظم استعفی دیں، حالیہ دھرنے نے حکومت کی نااہلی کا پول کھول دیا حکومت کو دھرنا ختم کرانے کے لئے فوج کی مدد لینا پڑی۔ غیر یقینی صورتحال کا واحد حل نئے الیکشن ہیں، کابینہ جاتی امرا اور رائے ونڈ کے چکر لگانے میں مصروف ہے۔ وزرا نااہل شخص کو بچانے کیکوشش کر رہے ہیں۔ عمران خان کی زیر صدارت مرکزی قیادت کے اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ختم نبوت معاملے پیدا ہونے والی صورتحال، حدیبیہ پیپرملز کیس پر کارروائی کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ٹی آئی نے حلف نامے میں تبدیلی کی آزادانہ اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ تحریک انصاف نے کہا نواز شریف کی مرضی کے بغیر حساس ترین قانون میں ترمیم ممکن نہیں۔ آغاز سے اختتام تک تمام معاملے میں گہری سازش کے آثار دکھائی دیتے ہیں۔ ملک کو بحران سے بچانے میں عسکری قیادت کا کردار قابل ستائش ہے۔ حقائق قوم کے سامنے لانے کے لئے آزادانہ تحقیقات ناگزیر ہیں۔ عمران خان نے حدیبیہ پیپرملز کیس کی خصوصی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔ پی ٹی آئی نے نیب کی کارکردگی پر عدم اطمینان اور گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہاچیئرمین نیب پراسیکیوشن کے مطالبے کا اعادہ کیا گیا ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے فوری انتخابات کی راہ ہموار کی جائے۔ قبل ازیں ٹوئیٹر پیغام میں عمران خان نے کہا چین میں کرپٹ لوگ سزا ملنے پر خودکشی کر لیتے ہیں مگر ہمارے حکمران، کرپٹ، چوروں اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کو تحفظ دیتے ہیں۔ انہوں نے ڈی آئی خان برہنہ لڑکی کیس سے متعلق فیصلے پر ٹویٹس کرتے ہوئے کہا کئی سال بعد کسی عدالت کی رپورٹ میں پولیس کی تعریف ہوئی۔ پشاور ہائی کورٹ نے آئی جی خیبرپی کے مسعود خان کی کارکردگی کی تعریف کی۔ اب پی ٹی آئی مخالفین موقع پرستوں کی شرمناک مہم کا خاتمہ ہو جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا (ن) لیگی حکومت موجودہ احتساب قانون کو کمزور کرنا چاہتی ہے تاکہ وہ سزا سے بچ سکے۔ انہوں نے مزید کہا دیگر ممالک میں انسداد کرپشن قوانین کا سخت نفاذ ہوتا ہے اور کرپٹ لوگوں میں معاشرتی بائیکاٹ کا خوف بھی جبکہ پاکستان میں حکمران عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو گلے لگاتے ہیں۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف کی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی 10 دسمبر بروز اتوار شیخوپورہ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے اس امر کا اظہار یہاں چیئرمین سیکرٹریٹ میں خصوصی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں شیخوپورہ سے اہم پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا وینٹی لیٹر پر لگی موجودہ حکومت اور نواز لیگ کی کشتی مکمل طور پر ڈوب چکی ہے، اب کسی نعرے پر دوبارہ انہیں ووٹ نہیں ملے گا۔ عوام ان کی مایوس کن کارکردگی پر ندامت اور غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں۔