.حزب اللہ نے تبدیلی قبول نہ کی تو دوبارہ مستعفی ہو جاؤنگا: لبنانی وزیر اعظم
بیروت (آئی این پی) لبنان کے وزیراعظم سعد حریری نے کہا ہے کہ اگر حزب اللہ نے موجودہ صورت حال کی تبدیلی کو قبول نہ کیا تو وہ مستعفی ہو جائیں گے۔ فرانسیسی ٹیلی وژن "سی نیوز" کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں حریری نے واضح کیا کہ ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ پر لازم ہے کہ وہ بیرونی مداخلت کا سلسلہ روک دے اور ملک میں سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے "غیر جانب دار" پالیسی کو قبول کرے۔ لبنانی وزیر اعظم نے کہا کہ میں اپنی حکومت میں ایسی سیاسی جماعت نہیں چاہتا جو دیگر عرب ممالک کے خلاف بعض عرب ممالک میں مداخلت کرے۔ لبنان کے وزیر اعظم سعد حریری نے کہا ہے کہ تین ہفتے قبل جو کچھ بھی سعودی عرب میں پیش آیا وہ راز ہی رہے گا اور وہ اس بارے میں بات کرنا پسند نہیں کریں گے۔ فرانسیسی ٹی وی چینل 'سی نیوز' کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سعد حریری نے کہا کہ وہ مستعفی ہو کر لبنانی عوام میں مثبت سوچ لانا چاہتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں ان پر استعفیٰ دینے کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں تھا۔