پاکستانی عدالت نے حافظ سعید کو رہا کیا، سمجھ نہیں آتی کانگرس کیوں تالیاں بجا رہی ہے: مودی
گجرات (کے پی آئی) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کانگرس اور اس کے نائب صدر راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ سمجھ میں نہیں آتا پاکستانی جیل سے حافظ سعید کو رہائی ملنے پر وہ کس لئے تالی بجا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈوکلام تنازع اور سرجیکل سٹرائیک پر بھی کانگرس پر سخت نکتہ چینی کی۔مودی نے اپنی آبائی ریاست گجرات میں انتخابی مہم کی باضابطہ شروعات کرتے ہوئے کچھ کے ضلع ہیڈکوارٹر بھج کے لالن میدان میں اپنی پہلی انتخابی ریلی میں نوٹ بندی، جی ایس ٹی، گجرات کے تئیں کانگرس کے مبینہ امتیازی سلوک سمیت مختلف معاملات پر اپوزیشن پارٹی پر حملہ کیا۔انہوں نے کہا پاکستان کی عدالت کے حکم پر حافظ سعید کو رہائی مل گئی۔ انہیں یہ سمجھ میں نہیں آرہا کانگرس کس لئے تالیاں بجارہی ہے۔ انہوں نے کہا اب سمجھ میں آتا ہے جب فوج کے جوان ملک کی آن، بان، شان کے لئے ڈوکلام میں صفر سے نیچے کے درجہ حرارت پر مسلسل 70 دن تک چینی فوج سے آنکھوں میں آنکھ ڈال کر ڈٹے تھے تو آپ چینی سفیر کو گلے کیوں لگا رہے تھے ،یہ کس کے فائد ے کے لئے تھا؟ میں یہ سوال پوچھتا ہوں۔مودی نے کہا کہ 26/11 میں ممبئی میں ایک دہشت گردانہ حملہ ہوا اور بعد میں اْڑی میں بھی ایسا ہی حملہ ہوا۔ اڑی کے حملے کے بعد ہمارے جوانوں نے دہشت گردوں کو ان کے گھر میں گھس کر مارا، ایک اہم اخبار نے اس سرجیکل سٹرائیک کے بعد ٹرکوں میں لاش بھر کر لے جانے کی خبرشائع کی تھی لیکن غریبوں کے گھر میں کھانا کھانے کا ڈرامہ کرکے تصویریں شائع کرانے والے لوگ اس کی ویڈیو یا تصویرکا مطالبہ کر رہے تھے۔کیا فوج وہاں فلم بنانے کے لئے گئی تھی۔ حافظ سعید کی رہائی اور چینی سفیر سے ملاقات کا مزہ لینے والے ان لوگوں کو کم از کم شہید جوانوں کا خیال رکھتے ہوئے خاموش رہنا چاہئے تھا۔ انہوں نے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا گجرات ان کی ماں ہے اور جس نے عوامی زندگی میں بغیر کسی داغ والے اپنے اس بیٹے پر جھوٹے الزامات لگانے کی ہمت کی ہے انہیں یہاں کی عوام کبھی معاف نہیں کرے گی۔