سینٹ:52 نئے ارکان کے انتخاب کے لئے الیکشن 2 مارچ 2018 ء کو ہونگے
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)) 52 نئے سینٹ ارکان کے انتخاب کے لئے سینٹ الیکشن2 مارچ 2018ء کو ہوں گے۔ الیکشن کا شیڈول فروری کے دوسرے ہفتے میں جاری کیا جائے گا۔ نئے ارکان سینٹ 11 مارچ کو اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن آف پاکستان نے نئے سینٹ انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ فروری کے دوسرے ہفتے میں الیکشن شیڈول جاری کر دیا جائے گا جس کے بعد دو سے تین روز نامزدگی فارم جمع کروانے کے لئے دیئے جائیں گے اور اس کے بعد اتنے ہی دن سکروٹنی کے لئے دیئے جائیں گے اور اعتراضات وصول کئے جائیں گے اور اس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور دو مارچ کو پولنگ ہو گی۔ 11 مارچ کو جو سینیٹرز ریٹائر ہوں گے ان کی فہرست تیار کر لی گئی ہے جن میں چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی‘ مشاہد حسین سید‘ طلحہ محمود‘ اعتزاز احسن‘ اسحاق ڈار‘ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ‘ اعظم خان سواتی‘ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب‘ آصف سعید کرمانی‘ طاہر حسین مشہدی‘ بیرسٹر فروغ نسیم‘ تاج حیدر‘ کامران مائیکل‘ عثمان سیف اللہ خان‘ حافظ حمد اللہ‘ کامل علی آغا اور دیگر شامل ہیں۔