.حکومت نے دھرنا مظاہرین کو واپسی کیلئے 5 ہزار روپے فراہم کئے آگے ایک ہزار دیئے گئے :کیپٹن صفدر
اسلام آباد(نا مہ نگار + ایجنسیاں) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر) صفدر نے 5 کروڑ روپے وصول کرنے کے الزام کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ برے کو اس کے گھر تک چھوڑ کر آئوں گا، کل تک جو بچے ہمارے ہاتھوں میں کھیلتے رہے آج وہ الزام لگارہے ہیں، سٹینڈنگ کمیٹی برائے آئی ٹی کا چیئرمین ہوں، پی ٹی اے سے جواب طلب کرونگا۔ منگل کو احتساب عدالت میں کیس کی سماعت ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنما کیپٹن(ر) صفدر نے کہا کہ کہا جارہاہے کہ صفدر نے پانچ کروڑ روپے لئے، پتہ نہیں کس صفدر کی بات ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے سے جواب طلب کرونگا کہ یہ بات کہاں سے چلی، اس کا مکمل کھوج لگائوں گا۔ کیپٹن (ر)صفدر نے کہا کہ اس بات کا ایک جج نے نوٹس لیا میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ نیوز ایجنسیوں کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ حکومت نے فیض آباد دھرنے کے مظاہرین کو واپسی کے لئے کرایہ 5 ہزار دیا تھا لیکن آگے ایک ہزار روپے دیئے گئے فیض آباد دھرنا نہیں بلکہ محض عاشقوں کی محفل تھی کیونکہ دھرنے میں تو لوگ گا اور بجا رہے ہوتے ہیں‘ ہم عسکری فرشتوں پر نہیں بلکہ اللہ کے فرشتوں پر ایمان رکھتے ہیں۔الزام لگانے والے کو گھر تک چھوڑ کر آئوں گا۔ کل تک جو بچے ہمارے ساتھ کھیلتے رہے آج وہ الزام لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر 5کروڑ دینے کے حوالے سے کسی نااہل شخص نے ایک آڈیو پروگرام چلایا ہے اس میں صفدر کے نام کا بھی ذکر کیا ہے پتہ نہیں کہ وہ کوئی اور یا پھر میں ہی صفدر ہوں لیکن فاضل جج نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے جس پر عدالت کا شکر گزار ہوں لیکن بذات خود بھی چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی ہوں تو اس حوالے سے جانچ پڑتال کا کہوں گا کیپٹن (ر) صفدر نے فیض آباد دھرنے کے سوال کے جواب میں کہا دھرنا تو آجکل گانا بجانے کا نام ہے، فیض آباد میں تو عاشقوں کی محفل سجائی گئی تھی جہاں پر دورودو سلام پڑھے جائیں اسے محفل میلاد کہتے ہیں محفل میلاد میں جنرل کے دستخطوں کی ضرورت کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بس یہ سوال مجھ سے نہ پوچھیں اگرا یسا ہے تو پھر جنرل (ر) پرویز مشرف جنرل (ر) ایوب خان اور جنرل (ر) یحییٰ خان کے دستخطوں کی ضرورت کیوں پڑی تھی اب ایک میجر جنرل کے دستخط کو دیکھا جارہا ہے۔محفل کے آخر میں نذرانہ بانٹنے کے سوال کے جواب میں کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ ہمیشہ محفل کے آخر میں نذرانہ تو بانٹاہی جاتا ہے۔انہوں نے رینجرز افسران کی جانب سے واپسی کا کرایہ دیکر مظاہرین کو بھجوانے کے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے تو5ہزار روپے واپسی کے لئے دیئے تھے لیکن آگے 1ہزار دیا گیا۔