زاہد حامد نے ملکی مفاد میں قربانی دی، سب بھول کر آگے بڑھنا چاہئے: مریم اورنگزیب
اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد میں قربانیاں بھی دینا پڑیں، ایسی ہی صورتحال میں وزیر قانون کو مستعفی ہونا پڑا، سب کچھ بھول کر آگے بڑھنا چاہیے،ملک میں دو دن افراتفری کی صورتحال رہی، ملک ایسے حالات کا متحمل نہیں۔ان خیالات کا اظہار مریم اورنگزیب نے احتساب عدالت میں میاں نواز شریف کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مریم ارنگزیب نے کہا کہ دھرنا ختم ہونے پر راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام نے سکھ کا سانس لیا، اب ہمیں آگے بڑھنا چاہیے کیونکہ ملک ایسے حالات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا ملک میں افراتفری اور انتشار کا خاتمہ ہو گیا، جو حالات دیکھے وہ افسوسناک تھے۔انہوں نے کہا نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے زبردستی اس وقت ہٹایا گیا جب ملک ترقی کر رہا تھا، ملکی سلامتی اور قومی مفاد میں قربانیاں بھی دینا پڑیں، ایسی ہی صورتحال میں وزیر قانون کو مستعفی ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کو ختم کر کے ترقی کرتے ملک میں ایسی صورتحال افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا وزیر قانون زاہد حامد نے ریاست کے وسیع تر مفاد میں قربانی دی اور مستعفی ہوگئے، کچھ معاملات میں اسٹیٹ کیلیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔