پیپلز پارٹی آج 50واں یوم تاسیس منائیگی عوامی اختیارات غصب کرنیکی مزاحمت کرینگے، زرداری، 5 دسمبر کے جلسہ میں رکاوٹیں، حکومت ہوش کے ناخن لے: بلاول
لاہور/ اسلام آباد/ کراچی(سٹاف رپورٹر+ عترت جعفری + خصوصی رپورٹر) پیپلزپارٹی کا 50واں یوم تاسیس آج جمعرات 30نومبر کو لاہور سمیت ملک بھر میں منایا جائے گا۔ پیپلزپارٹی اس سال یوم تاسیس کی گولڈن جوبلی تقریبات منا رہی ہے جس میں قربانی دینے والے کارکنوں کو ایوارڈ دئیے جائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری ہائوس اسلام آباد میں پارٹی پرچم لہرائیں گے، سیکرٹریٹ اسلام آباد میں 4 بجے شام کیک کاٹنے کی تقریب بھی ہوگی۔ بلاول بھٹوزرداری نے انتظامیہ کی جانب سے پریڈ گرائونڈ جلسے کی تیاریوں میں رکاوٹ ڈالنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کی اجازت کے باوجود حکومتی ایما پررکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ ن لیگی حکومت ہوش کے ناخن لے۔ یوم تاسیس پر پیغام میں سابق صدر زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ سیاسی تبدیلی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعہ آنی چاہیے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جوڑ توڑ کے ذریعہ سیاسی تبدیلی کی مخالفت کی ہے اور کرتی رہے گی۔ پارٹی سیاسی انجینئرنگ کرنے کی اور ملک میں مذہبی نسل پرستی تھونپنے کی ہر کوشش کی مخالفت کرتی رہے گی۔ پارٹی یہ عہد کرتی ہے کہ غیر منتخب افراد اور اداروں کو عوام کے اختیارات غصب کرنے کی مزاحمت کرے گی۔ علاوہ ازیں جبکہ 5 دسمبر کو پریڈ گراؤنڈ میں یوم تاسیس کی مناسبت سے جلسہ عام میں ہوگا۔ بلاول بھٹو ایک ہفتہ اسلام آباد میں رہیں گے اور پارٹی کے جلسہ کے انتظامات کی براہ راست نگرانی کریں گے۔ پی پی پی جو 2013ء سے قبل تک وفاق کے تمام یونٹوں‘ گلگت و بلتستان‘ آزادکشمیر میں اپنے مضبوط نقش رکھتی تھی 2017ء میں اپنی سیاسی ساکھ بحال کرنے کی جدوجہد میں مصروف نظر آتی ہے۔ خاص طورپر پنجاب میں پارٹی پوزیشن کے کمزور ہونے کی پارٹی قیادت مختلف جواز دیتی ہے اور ان میں سے کچھ میں وزن بھی ہے تاہم ’’جیالوں‘‘ میں روح پھونکنے کی کوششیں تاحال بہت زیادہ کامیاب نظر نہیں آتیں۔