قطری شہزادے کی لاہور آمد نواز شریف سے ملاقاتیں
لاہور(فرخ سعید خواجہ) قطر کے شہزادہ شیخ حمد بن جاسم کراچی میں پورٹ قاسم پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے گزشتہ روز لاہور پہنچ گئے۔ قطری شہزادے کے 13 رکنی وفد میں سابق سینیٹر سیف الرحمن بھی شامل ہیں۔ پورٹ قاسم پاور پلانٹ کے اس منصوبہ کو سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے شروع کروایا تھا۔ قطری شہزادہ پہلے دوحہ سے لاہور پہنچے جہاں ان کا سرکاری طور پر استقبال کیا گیا۔ ائرپورٹ سے قطری شہزادہ شیخ حمد بن جاسم اور اُن کا وفد جاتی امرا گیا جہاں انہوں نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی اور ظہرانے میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ شہباز شریف‘ سینیٹر پرویز رشید‘ مریم نواز‘ میاں حمزہ شہباز و دیگر افراد موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ حمد بن جاسم نے کہا کہ پاکستان میں قطری سرمایہ کاری نوازشریف حکومت کی پالیسی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس سرمایہ کاری کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر اظہار اعتماد قرار دیا۔ میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف سے ملاقات کے بعد قطری وفد لاہور ائرپورٹ سے کراچی روانہ ہوگیا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں شہزادہ حمد بن جاسم نے انہیں یقین دلایا کہ قطر پنجاب میں جاری تعلیم اور صحت کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔ قبل ازیں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر محمد نوازشریف نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی کیموتھراپی کے تین سیشن ہوچکے ہیں اور اب ان کی فائنل رپورٹ کا انتظار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیننگ کے بعد معلوم ہوسکے گا کہ آگے کیا کرنا ہے۔ وہ گزشتہ روز شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس کے دورے کے دوران ایک صحافی کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے سوال کرنے والے سے کہا کہ آپ سے اور پوری قوم سے اپیل ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کریں۔ اس سوال پر کہ آج کل قبل از وقت انتخابات کی باتیں ہورہی ہیں آپ کیا کہتے ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ یہ ہسپتال ہے یہاں پر انتخابات کی بات نہیں ہوتی۔ قبل ازیں انہوں نے ہسپتال کے مختلف امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور مریضوں کے لواحقین سے بھی ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے ہسپتال میں درپیش مسائل کے بارے میں پوچھا۔ ایک دو افراد نے اپنے مسائل بتائے جنہیں جلد حل کرانے کی نوازشریف نے یقین دہانی کرائی۔