ممبئی حملہ کیس : سیکرٹری خارجہ نے عدالت کو بھارت میں گواہوں کے بیانات پر پیشرفت سے آگاہ کر دیا
اسلام آباد(نا مہ نگار)سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے ممبئی حملہ کیس میں عدالتی حکم پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔ممبئی حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہو کر بھارت میں موجود گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کیا۔اس موقع پر تہمینہ جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ جلد اعلیٰ سطح کا اجلاس متوقع ہیں۔ امید ہے ان میں بھارتی گواہوں سے متعلق پیشرفت ہوگی۔بعد ازاں ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے پٹواری عبدالصمد نے عدالت میں اپنا بیان قلمبند کرایا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ملزم ریاض اور اسد اللہ کی علی نواز شاہ گائوں میں جائیداد تھی تاہم بینظیر کی شہادت کے بعد ہونے والے مظاہروں میں اراضی کا ریکارڈ جل گیا۔اس کے علاوہ عدالت نے امریکہ میں مقیم گواہ نذر الشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے اور انتقال کر جانے والے دو گواہوں سے متعلق ڈائریکٹر ایف آئی اے سے جواب طلب کرلی ہے۔ کیس کی سماعت چھ دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔یاد رہے کہ ممبئی حملہ کیس کی سماعت فاضل جج کے چیمبرمیں کی گئی جہاں سیکرٹری خارجہ نے پیشرفت سے آگاہ کیاجس کے بعد انسدا دہشت گردی کی عدالت نے کیس کی سماعت 6 دسمبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔15نومبر کو پچھلی سماعت میں عدالت نے کیس میں 27بھارتی گواہوں کے بیانات قلمبند نہ ہونے پر ایف آئی اے کے ڈائریکٹر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے بھارتی گواہوں سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی۔