• news

15 برس بعد بھی نعلین پاک بازیاب نہ ہونے پر ہائیکورٹ برہم، اوقاف کو کمیٹی بنانے کا حکم

لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہورہائیکورٹ نے بادشاہی مسجد سے چوری ہونے والے نعلین مبارک 15 سال بعد بھی برآمد نہ کرائے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی تہہ تک جانے کے لئے محکمہ اوقاف کو کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیدیا۔عدالت نے حکم دیا ایڈمنسٹریٹر اوقاف اور متعلقہ ایس پی کمیٹی کے روبرو پیش ہوکر بیان دیں۔درخواست گزار نے بتایا کہ31جولائی 2002 میں بادشاہی مسجد کی گیلری سے نعلین پاک چوری کئے گئے، پولیس نے محکمہ اوقاف کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف نعلین مبارک کی چوری کا مقدمہ درج کیا ہے، لیکن 15سال ہوگئے لیکن متعلقہ حکام نعلین پاک بازیاب نہیں کراسکے۔عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ 15سال سے مقدمے پر کیوں کارروائی نہیں کی گئی، عام لوگوں نے نعلین مبارک کی بازیابی کے لئے درخواستیں دی ہیں۔محکمہ اوقاف جس کی یہ ذمہ داری تھی اس نے اب تک کیا کیا ہے۔ محکمہ اوقاف کے وکیل نے بتایا کہ محکمہ نے نعلین مبارک کی بازیابی کے لئے اقدامات کئے ہیں اور نعلین مبارک بازیاب کرانے والے شخص کے لیے 20لاکھ روپے انعام رکھا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن