• news

نیشنل ہائی وے ملازمین پنشن کیس: سپریم کورٹ نے وزارت خزانہ کی اپیل خارج کر دی

اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے نیشنل ہائی وے ملازمین کو پنشن مراعات دینے کا سروس ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے وزارت خزانہ کی اپیل خارج کردی۔ منگل کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے نیشنل ہائی وے ملازمین کی پنشن مراعات کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس ثاقب نثارنے ریمارکس دیئے کہ غریب کا فائدہ ہونے دیں ، نو سو روپے پنشن سے کسی کا کیا گزارہ ہوتا ہے۔ پنشنرز اپنی زندگی کا بہترین وقت ملازمت میں گزارتے ہیں۔ بعض اوقات پنشنرز کی اولاد پورے گھرکوسنبھالنے کے قابل نہیں ہوتی۔ پنشن لینے کیلئے پنشنرزکو کافی تگ و دو کرنا پڑتی ہے۔ بعدازاں وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت عظمٰی نے ملازمین کو پنشن مراعات دینے کا سروسزٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے وزارت خزانہ کی اپیل خارج کر دی ہے۔ واضح رہے کہ سروسزٹریبونل نے ملازمین کو پنشن مراعات دینے کا حکم دیا تھا۔جس پر وزارت خزانہ نے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن