طیارہ گمشدگی، قائمہ کمیٹی کا ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کیلئے وزیراعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ نے پی آئی اے کے لا پتہ طیارے کے معاملے پر شدید برہمی کا اظہار کر تے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کے لئے وزیراعظم کو خط لکھنے کا فیصلہ کر لیا ،کمیٹی ارکان نے کہا کہ پی آئی اے کا جہاز نہ صرف جرمنی میں کھڑا ہے بلکہ اس کا کرایہ بھی بن رہا ہے، غلطیوں پر پردے ڈالے جا رہے ہیں،وہ جہاز فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی حمایت میں فلمایا گیا ، جو شرمندگی کا باعث ہے،وہ جہاز اگر پاکستان میں اسکریپ میں بیچتے تو زیادہ پیسے مل جاتے،اب اس کا ڈبل کرایہ پڑ رہا ہے،جرمن سی ای او کی بھرتی کس بنیاد پر ہوئی ، جو اس کے سہولت کار تھے ان کو بھی کٹہرے میں لایا جائے،یہ اتنی بڑی غلطی ہے کہ شرم آتی ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس چیئرمین رانا محمد حیات خان کی صدارت میںہوا،جس میں فیڈرل ایمپلائز بینولینٹ فنڈ اور گروپ انشورنس کے ترمیمی بل پر بحث کی گئی۔ اجلاس میںمعذور افراد کے لیے ہیلتھ انشورنس سکیم کے ترمیمی بل پر بھی بحث کی گئی۔ رائٹ ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن کے ترمیمی بل پر بھی بحث کی گئی،رکن کمیٹی نفیسہ خٹک نے کہا کہ اساتذہ کی باقاعدہ ٹریننگ ہونی چاہیے۔