• news

خاتم النبینؐ نے مظلوم کے مقابلے میں ظالم کو معاف نہیں کیا: طاہرالقادری

لاہور(پ ر+صباح نیوز)تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مینار پاکستان پر منعقدہ تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خاتم النبین حضرت محمد ﷺ تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے۔ آپ ﷺ نے کمزوروں، مظلوموں، یتیموں کے حقوق کا تحفظ کیا، اپنی ذات کیلئے کسی سے بدلہ نہیں لیا مگر مظلوم کے مقابلہ میں کسی ظالم کو معاف نہیں کیا۔ جس طرح دین کے حقوق اہم ہیں اسی طرح مظلوم کے حقوق اہم ہیں۔ ظالم، جابر، قاتل، غاصب، فاسق کے مقابلے میں مظلوم اور کمزور کی مدد کرنا آقائے دو جہان خاتم الرسل ﷺکی سنت مطہرہ ہے۔ آپ ﷺ اللہ کے آخری رسول ہیں یہ قرآن کی نصوص قطعی سے ثابت ہے اور احادیث مبارکہ میں بھی صراحت کے ساتھ عقیدہ ختم نبوت بیان ہوا ہے۔ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی اساس اور اس کا تحفظ ہر کلمہ گو مسلمان پر فرض ہے۔جو فیصلے اللہ نے کر دئیے قیامت تک انہیں کوئی نہیں بدل سکتا۔ تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس میں سائوتھ افریقہ سے نیلسن منڈیلا کے پوتے رکن پارلیمنٹ مانڈوی منڈیلا نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ان کے ہمراہ سائوتھ افریقہ میمن کمیونٹی کے چیئرمین اے وی محمد، زید نورڈین، اسماعیل ابوالحسن خطیب، طاہر رفیق نقشبندی بھی کانفرنس میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ کانفرنس میں ملک بھر سے آئے ہوئے لاکھوں اسلامیان پاکستان نے شرکت کی۔ ممتاز نعت خوان حضرات نے گلہائے عقیدت پیش کیے اور قرأ حضرات نے شیریں زبان میں قرآن پاک کی تلاوت پیش کر کے ہزاروں شرکاء کے دلوںکو منور کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مانڈوی منڈیلا نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دعوت پر پاکستان آنا اور ختم نبوت کانفرنس میں شرکت میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے، مجھے خوشی ہے میں آج اس جگہ کھڑا ہوں جہاں پاکستان کی بنیاد رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک امن پسند دین ہے اور حضرت محمد ﷺ دنیا کے عظیم انقلابی لیڈر ہیں، میرے دادا نیلسن منڈیلا نے کمزوروں کے حق آزادی کیلئے بے مثال جدوجہد کی۔ اسلام قبول کرنا میری خوش بختی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام محبت کرنے والے اور امن پسند ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کی جدوجہد میں ان کی قربانیاں قابل تحسین اور قابل تقلید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ ایفائے عہد کرنے والے تھے جو وعدہ کرتے تھے وہ پورا کرتے تھے آپ غیر مسلموں کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو بھی پورا کرتے تھے۔ جب بھی کمزوروں پر ظلم ہوا ، معاہدے توڑے گئے تو آپ عہد شکنوں اور ظالموں ،جابر دشمنوں کے خلاف نبردآزما ہوئے۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈوی منڈیلا و دیگر سیاسی ،سماجی ،مذہبی رہنمائوں ،علماء و مشائخ کو تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت پر مبارکباد دی۔ قبل ازیں نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈوی منڈیلا کا گزشتہ روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین ،ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور و دیگر سینئر رہنمائوں نے استقبال کیا۔ مانڈوی منڈیلا کے ہمراہ سائوتھ افریقہ میں میمن کمیونٹی کے چیئرمین اے وی محمد و دیگر ممتاز شخصیات بھی تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام منعقدہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کیلئے لاہور پہنچے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن